نئی دہلی// بیرون ملک میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے شروع کئے گئے 'وندے بھارت' مشن کے تحت پہلے پانچ روزمیں چھ ہزار سے زائد ہندوستانی اپنے وطن واپس آ چکے ہیں۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے کل بتایا کہ اس مشن کے تحت 11 مئی تک 31 پروازوں میں 6،037 ہندوستانیوں کو ملک واپس لایا گیا ہے ۔مشن کاآغاز 07 مئی کو کیا گیا تھا۔ اس مشن کے تحت شہری ہوا بازی کی وزارت ہندوستانیوں کو ان کے وطن واپس لانے کے لیے وزارت خارجہ اور ریاستی سرکاروں کے ساتھ تال میل کررہی ہے ۔مشن کے پہلے مرحلے میں 12 ممالک سے 14،800 ہندوستانیوں کو واپس لانے کی منصوبہ بندی ہے ۔ ایئر انڈیا اپنی ذیلی ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ کل 64 پروازیں چلا رہی ہے ۔ ایئرانڈیا کے ذریعے 42 اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے 24 پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ یہ پروازیں 12 ملکوں کے لیے ہیں، جن میں امریکہ، برطانیہ، بنگلہ دیش، سنگاپور، سعودی عرب، کویت، فلپائنس، متحدہ عرب امارات اور ملیشیا شامل ہیں۔