نئی دہلی //ریلوے کے بعد اب ائر انڈیا 19 مئی سے خصوصی گھریلو پروازیں شروع کرے گا۔، ائیر انڈیا حکام نے کہا کہ لاک ڈائون کا چوتھا مرحلہ چونکہ 18سے شروع ہونے جارہا ہے لہٰذا انہوں نے مختلف شہروں میں در ماندہ مسافروں کو لانے کا لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے اور مرکزی سرکاری کی منظوری کے بعد 19مئی سے 2جون تک گھریلو پروازیں چلائیں جاسکتی ہیں۔حکام نے کہا کہ پروازیں دہلی، ممبئی، حیدرآباد اور بنگلورو چنئی،کوچی،جے پور اور دیگر کئی مقامات سے چلائی جائیں گی۔چنئی کے لئے صرف ایک پرواز کی سہولت دی گئی ہے۔ یہ انیس مئی کو کوچی سے چنئی کے لئے اڑان بھرے گی۔ اس کے علاوہ دہلی کے لئے 173، ممبئی کے لئے 40، حیدرآباد کے لئے 25 اور کوچی کے لئے 12 فلائٹ کی شروعات کی جائے گی۔ دہلی سے جو فلائٹس اڑان بھریں گی وہ امرتسر، بنگلورو، گیا، حیدرآباد، جے پور، احمد آباد، کوچی، وجے واڑہ، لکھنئو اور کچھ دوسرے شہروں میں جائیں گی۔ اسی طرح ممبئی سے اڑان بھرنے والی ائیر انڈیا کی فلائٹس احمدآباد، حیدرآباد، کوچی، بنگلورو، وشاکھاپٹنم اور وجے واڑہ کے لئے جائیں گی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد سے ممبئی اور دہلی کے لئے بھی فلائٹس جائیں گی۔ بنگلورو سے بھی ممبئی، دہلی اور حیدرآباد کے لئے فلائٹس ہوں گی۔ بھبنیشور سے ایک فلائٹ بنگلورو جائے گی۔ائیر انڈیا کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ سبھی تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔ ہم شہری ہوابازی کی وزارت سے منظوری ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔