نئی دہلی//ملک میں عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے کیسزمیں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14ہزار933 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ 4.40 لاکھ کو عبور کر چکی ہے ۔ تاہم ، اس دوران تقریبا 11 ہزار افراد کی شفایابی سے کچھ راحت ملی ہے ۔منگل کوصحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4لاکھ40ہزار215 ہوگئی ہے ۔ اس وبا سے 312 اموات کے ساتھ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 14ہزار011 ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس وبا کے مزید 3721 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 113 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1لاکھ35ہزار796 ہوگئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6283 ہوگئی ہے ۔دہلی میں بھی کوروناوائرس نے تباہی مچا ئی ہوئ ہے اور اب دہلی وبا کے بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ ملک میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 62ہزار655 ہوگئی جبکہ 2909 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ اسی عرصہ میں 58 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2233 ہوگئی۔ تامل ناڈومیں متاثرہ افراد کی تعداد 62ہزار087 تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس کی وجہ سے 794 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 34ہزار112 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔