نئی دہلی// گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 15ہزار968 نئے کیسز کی اطلاعات ہیں، اور ان مریضوں کے اضافہ کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 4.56 لاکھ جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 14ہزار476 ہوچکی ہے ۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4لاکھ56ہزار183 ہوگئی ہے ۔مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،جہاں کووڈ۔19 کے 3214 کیسز رپورٹ ہوئے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 248 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1لاکھ39ہزار010 اور مرنے والوں کی تعداد 6531 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران ریاست میں 1925 افراد شفایاب ہوئے ہیں ، جس کے بعد صحت مند افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 69ہزار631 ہوچکی ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں بھی کوروناوائرس نے زبردست تباہی مچائی ہے اور یہاں متاثرین کے لگ تار بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ ملک میں مسلسل دوسرے نمبر پربرقرار ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قومی راجدھانی میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر66ہزار602 ہوگئی ہے جسمیں ریکارڈ 3947 نئے کیسز بھی شامل ہیں۔ اسی عرصہ میں 68 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2301 ہوگئی ہے ۔ ہلاک شدگان کی تعداد کے لحاظ سے دہلی،مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ تامل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے ، جہاں اب متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 64ہزار603 تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس کی زد میں آنے سے 833 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 35ہزار339 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹراوردہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 28ہزار371 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1710 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔