نئی دہلی// صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کل کہاکہ مرکزی حکومت کا ہدف ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ متحد ہوکر کورونا وائرس کووڈ۔19کے متاثرین کی شناخت کرکے اور موثر طبی انتظامات کے ذریعہ مریضوں کی اموات کی شرح کم کرنا ہے ۔ڈاکٹر ہرش وردھن کی قیادت میں جمعرات کو ہوئی کابینہ میٹنگ کی 18ویں اعلی سطحی میٹنگ میں ملک میں کووڈ۔19انفیکشن کے موجودہ حالات اور اس کی رو ک تھام کے لئے مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کووڈ۔19سے متعلق صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا گیا ہے ۔ ملک میں اس وقت کل ملاکر 3,914اسپتال، صحت مراکز اور کووڈ کیئر سنٹر کورونا متاثرین کے علاج میں مصروف ہیں۔ان صحت مراکز میں 3,77,737آئسولیشن بیڈ (آئی سی یو سپورٹ کے بغیر)،39,820آئی سی یو بیڈ اور 1,42,415آکسیجن سپورٹیڈ بیڈ ہیں۔