نئی دہلی// ملک میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11.18 لاکھ ہوگئی ہے ۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40425 کیسز کی تصدیق ہوئی جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1118043 ہوگئی جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 681 سے بڑھ کر 27،497 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران22664 مریض صحت مند ہوچکے ہیں اور اب تک 700087 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ فی الوقت ملک میں کورونا وائرس کے 390459 فعال کیسز ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے حالات پر نگاہ ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے 9518 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 258 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3،10،455 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11،854 ہوگئی ہے جبکہ 1،69،569 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ریاست تمل ناڈو ملک میں دوسرے مقام پر ہے جہاں 4979 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اسی عرصہ کے دوران 78 افراد کی موت ہوگئی ۔ دہلی میں کورونا وبا کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔ دارالحکومت میں کورونا سے اب تک 1،22،793 افراد متاثر ہوئے ہیں اورہلاکتوں کی تعداد 3628 ہے ۔ اب تک 1،03،134 مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک کورونا متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آگیا ہے ۔ ریاست میں 63722 افرادوبا کا شکار ہوئے ہیں اور1331 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 23،065 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات وائرس متاثرین کے لحاظ سے پانچویں مقام پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر ، دہلی اور تمل ناڈو کے بعد چوتھے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں 48،355 افراد وائرس سے متاثر اور 2142 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ریاست میں 34،901 افراد اس مہلک وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 49247 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1146 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 29،845 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔