نئی دلی //کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر ہند۔چین تنازعہ کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو چین سے نمٹنے کے لئے ایک ویژن (نظریہ) کی ضرورت ہے اور اگر چین نے ہماری کمزوری پکڑ لی تو پھر ہمارے لئے مشکل کھڑی ہو جائے گی۔راہل گاندھی نے ایک ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’وزیر اعظم کی صد فیصد توجہ اپنی خود کی شبیہ بنانے پر مرکوز ہے۔ ہندوستان کے ادارے بھی اسی کام میں مصروف ہیں۔ ایک شخص کی شبیہ قومی نظریہ کی متبادل نہیں ہے۔‘‘ویڈیو میں راہل گاندھی نے کہا، ’’اگر آپ چین سے طاقت سے ڈیل کریں تے آپ اس سے نمٹ سکتے ہیں۔ لیکن اگر چین نے ہماری کمزوری پکڑ لی تو سب گڑبڑ ہو جائے گا۔ چین کے ساتھ اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے ایک ویزن کی ضرورت ہے، صرف قومی نظریہ سے ہی کام نہیں چلے گا بلکہ بین الاقوامی ویزن کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ غور فکر نہ کرنے کی صورت میں ایک بڑا موقع ہاتھ سے نکل جائے گا۔راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’سیاست کو دیکھئے، ہم آپس میں لڑ رہے ہیں، ایک ہندوستانی دوسرے ہندوستانی سے لڑ رہا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی واضح ویژن آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے۔