نئی دلی //بی جے پی کے سینئر لیڈر و بابری مسجد انہدام کے ملزم لال کرشن اڈوانی نے جمعہ کو اس ضمن میں اسپیشل سی بی آئی کورٹ کے سامنے اپنا بیان درج کراتے ہوئے خود کو بے قصور بتایا۔ اپنا بیان درج کرانے کے لئے ایل کے اڈوانی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ پراسیکیوشن کی لگاتار چار گھنٹے کی جرح میں اڈوانی نے اپنے اوپر بابری مسجد کی مسماری یا اس کے انہدام کی سازش کرنے جیسے تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے اپنے اوپر لگے الزامات کو سیاسی سازش کا پیش خیمہ قرار دیا۔دوران جرح پراسیکیوشن نے لال کرشن اڈوانی سے بابری مسجد مسماری کے ضمن میں تقریبا 1000سوالات پوچھے۔ اڈوانی کا بیان سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ کے جج ایس کے یادو کے سامنے سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت درج کیا گیا۔ایل کے اڈوانی 32 ملزمین میں سے 29 ویں ملزم ہیں ، جنہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ اس ضمن میں ایک دوسرے ملزم ستیش پردھان 28 جولائی کو اپنا بیان درج کرائیں گے۔