سرینگر//سعودی حکومت نے اس مرتبہ خطبہ حج کا اُردو سمیت دس زبانوں میں ترجمہ نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الحرمین الشریفین کے امورکی ذمے دار پریذیڈینسی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اسلام کا پیغام پوری دنیا میں موجود مسلمانوں تک پہنچانے کیلئے خطبہ حج دس عالمی زبانوں میں نشر ہوگا۔الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا ہے کہ امسال اردو، انگریزی، فارسی، بنگلہ، ترکی، فرانسیسی، چینی، روسی، ہاؤسا اور مالے زبان میں خطبہ حج نشرہوگا۔ گذشتہ سال خطبہ حج کا ترجمہ پانچ زبانوں میں نشر ہوا تھا۔سعودی عرب نے جون میں اس سال کورونا وائرس کی وَبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ان کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا ہے۔ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری ہیں۔ان منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں الگ الگ کمروں میں مقیم رہیں گے۔حج اسلام کا پانچواں رکن ہے اور یہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریض حج ادا کیا تھا۔ سی این آئی