بیجنگ / جنیوا / عالمی وبا کورونا وائرس ( کووڈ 19) دن بدن تیزی سے پھیل رہا ہے اور دنیا بھر میں کم از کم 188 ممالک کو اپنی گرفت میں لے چکا ہے ۔ اس وائرس سے اب تک 1.62 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 647910 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کووڈ 19 کے کیسز کے معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے مقام پر ہے ۔ وہیں اس وبا کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے مقام پر ہے ، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے ہندوستان چھٹے مقام پر ہے ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 16199931 ہوگئی ہے ، جبکہ اس وبا کی وجہ سے اب تک 647910 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا کی عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کوروناوائرس سے اب تک4233825 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 146934 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 2419091 افراد متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ 87004 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں کورونا وبا کا قہر بدستور بڑھتا جارہا ہے ، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں پانچویں مقام پر آگیا ہے ۔ یہاں اب تک 445433 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 6749 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں میکسیکو میں کورونا سے 390516 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 43680 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔پیرو میںمتاثرہ افراد کی تعداد 375961 ہوگئی ہے اور 17843 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ چلی میں 345790 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 9112 ہلاک ہو گئے ہیں ۔برطانیہ انفیکشن کے معاملے میں نویں مقام پر ہے ۔ اب تک 301020 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 45837 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔خلیجی ملک ایران میں متاثرین کی تعداد 291172 ہو گئی ہے اور اس کی وجہ سے 15700 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ہمسایہ ملک پاکستان میں اب تک 273113 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 5822 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 272421 ہو گئی ہے جبکہ 28432 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی دوران 266941 افراد متاثر ہوئے ہیں اور سعودی عرب میں کورونا وائرا س کی وجہ سے 2733 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں 1968 نئے کیس درج
ریاض // سعودی عرب میں اتوار کو کورونا وائرس کے 1968 نئے کیسز سامنے آئے جس سے یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 266941 ہو گئی ۔ وزارت صحت نے اس کی اطلاع دی ۔یہاں مریضوں کے صحت یاب ہونے میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ 2541 نئے مریضوں کے اس وبا سے صحت یاب ہونے کے ساتھ اب تک 220323 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس دوران گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 لوگوں کی ہلاکت کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد 2733 ہوگئی۔ وزارت نے کورونا کے قہر سے بچنے کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔
ازبکستان نے 15 اگست تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی
تاشقند //ازبکستان نے کورونا وائرس کے قہر سے بچنے کیلئے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کو 15 اگست تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا وائرس کمیٹی نے بتایا کہ یہاں 10 جولائی سے یکم اگست تک لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا تھا جس میں تمام بازار ، کیفے ، پارکوں ، تعلیمی اداروں اور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ گذشتہ چند ہفتوں سے یہاں کورونا کے یومیہ 500 کیسز سامنے آ رہے ہیں ، جس کے بعد یہاں کے صدر شوکت میر ضیایف نے اس ہفتے کے اوائل میں سرکار کے لاک ڈاؤن کو یکم اگست کے بعد بھی بڑھانے کی منظوری دے دی تھی ۔ازبکستان میں کورونا کے اب تک 20226 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے ، جبکہ یہاں اس سے 112 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 10831 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔