سرینگر //لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جے کے ای ڈی آئی کو کووڈ 19 عالمی وباء کے پیش نظر صنعت کاری کو فروغ دینے کیلئے اختراعی اقدامات اٹھانے کیلئے کہا ہے۔ مشیر جے کے ای ڈی آئی کے افسران کے ساتھ ادارے کے دورے کے دوران تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ، ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران اور جے کے ای ڈی آئی کے فیکلٹی ممبران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر نے کہا کہ جے کے ای ڈی آئی جیسے اداروں کا کووڈ – 19 کے سبب مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے جے کے ای ڈی آئی اہم رول ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے ادارے کے حکام سے کہا کہ وہ اختراعی نوعیت کے منصوبوں اور تجاویز کے ساتھ آگے آئیں تا کہ ہم مل کر یو ٹی میں صنعتکاری کو فروغ دے سکیں ۔ مشیر نے احاطے کا معائینہ کیا اور وہاں دستیاب مختلف سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کا معائینہ کیا ۔ اس سے قبل مشیر نے سمپورہ پانپور میں اطلاعاتی مرکز کیلئے مجوزہ مقام کا بھی دورہ کیا ۔ ناظمِ صنعت و حرفت نے مشیر کو جانکاری دی کہ علاقے میں 371 کنال اراضی کو ترقی دینے کیلئے 14.75 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ مجوزہ اطلاعاتی مرکز جس میں جدید ترین آئی ٹی سہولیات ایک چھت کے نیچے صنعتکاروں کیلئے دستیاب رہیں گی ۔ انہوں نے جموں اینڈ کشمیر انڈسٹریز لمٹیڈ کے جوائینری ورکشاپ اور شو روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں مختلف مصنوعات کا معائینہ کیا۔ انہوں نے ان معیاری مصنوعات کی یو ٹی اور ملک کی دیگر ریاستوں میں بہتر مارکیٹنگ کیلئے ایک فعال لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ بعد میں مشیر نے پانپور میں سابقہ اینٹ و ٹائیل فیکٹری کی جگہ کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس جگہ پر انڈسٹریل ایسٹیٹ قائم کرنے کے امکانات کا جائیزہ لیں ۔