ترال//ترال کے متعدد گائوں میں موبائل سگنل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے علاوہ آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلبا ء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق ان دیہات میں انٹرنیٹ تودُور کی بات ہے،موبائل فون پر بات بھی ٹھیک طرح سے نہیں ہو پاتی ۔ انہوں نے حکام سے اس سلسلے میںمداخلت کی اپیل کی ہے۔ ترال کے بیگ گنڈ،چندی گام،پنگلش،لام ،گوٹنگو،پنگلش ،ماحچھہامہ گائوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ ان گائوں میں مختلف مواصلاتی کمپنیوں کے سگنل ٹاور وںکی مدد سے لوگ موبائیل فون اور انٹرنیٹ کا استعمال کرتے تھے ،تاہم گزشتہ کئی ماہ سے مذکورہ علاقوں میں موبائل سگنل کافی کمزور ہیں اور لوگ فون پر بات تک نہیں کر پاتے ، انٹرنیٹ سے استفادہ حاصل کرنے کی بات نہیں ۔بے گنڈ سے تعلق رکھنے والے شنٹی سنگھ نے بتایا کہ ان کے گائوں کے لوگوں کومجبوری کی حالت میں فون کرنے کے لئے دوسرے گائوں جانا پڑ تا ہے ۔اسی طرح وسیم احمد نے بتایا کہ ماحچھہامہ میں سگنل بالکل بھی نہیں آتی ہے جس کے نتیجے لوگ پریشان ہیں ۔ادھر پنگلش ترال سے تعلق رکھنے والے مظفر احمد وانی نے بتایاکہ ان کے گائوں کی موبائل سگنل بھی اس سے مختلف نہیں۔ مذکورہ گائوں سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بتایا کہ وہ گھر بیٹھ کر کبھی بھی آن لائن کلاس میں شامل نہیں ہو سکتے ۔تینوں گائوں کی آبادی نے مواصلاتی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ ان دیہات میں موبائل سگنل کو بہتر بنایا جائے۔