موجودہ دور میں اضافی قابلیت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ بارہویں اور گریجویشن کامیاب کرنے کے بعد ہمارے ایسے طلبہ جو مختلف کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت کرتے ہیں وہ انڈسٹری یا کمپنی کی ضرورت کی مطابق اگر متعلقہ ڈپلوما یا پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کرلیں تو ان کی مہارت اور قابلیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ یہ کورسز طلبہ اپنی ریگولر ڈگری اور ملازمت کے ساتھ بھی کرسکتے ہیں اس کا اہم مقصد طلبہ میں مہارت اور عملی استعداد پیدا کرنا ہے۔ طلبہ کو یہ بھی یاد رکھنا ہے کہ ان سارے کورسز میں نشستیں محدود ہوتی ہیں اور انسٹیٹیوٹ کے تحریری داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ایڈمیشن دیا جاتا ہے۔ یہ کورسز ملک بھر کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیز میں جاری ہیں جن کی تفصیل انٹرنیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ آیئے ایسے چند اہم کورسیس کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ٹورزم اینڈ ٹراول انڈسٹری مینجمنٹ : یہ ایک فل ٹائم پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورس ہے جس کی مدت اٹھارہ مہینے (تین سیمسٹر)ہے ۔ کسی بھی فیکلٹی سے گریجویٹ طلبہ اس میں داخلہ لے سکتے ہیں داخلہ انسٹی ٹیوٹ کے تحریری انٹرنس ٹیسٹ کی بنیا دپر ہوتا ہے۔ ایسے طلبہ جو ٹراول اینڈ ٹورزم کمپنیوں میں باوقار ملازمت کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ کورس انتہائی مفید ہے۔
٭ ڈپلوما ان کسٹم کلیرنس اینڈفریٹ فارورڈنگ : درآمد و برآمد (امپورٹ و ایکسپورٹ ) کے کاروبار میں دستاویزات کی تیاری اور اور بندرگاہ سے اشیاء کمپنی کے گودام تک پہنچانے میں کلیرنگ اینڈ فارورڈنگ ایجنٹ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور بین الاقوامی تجارت کی ترقی کے پیش نظر اس شعبے میں روزگار کے مواقع بین الاقوامی سطح پر بڑھتے جارہے ہیں۔ بارہویں کامیاب طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں اٹھارہ مہینوں (تین سیمسٹر ) پر مشتمل ہوتا ہے۔
٭ ڈپلوما ان انٹیرئیر ڈیزائن : رئیل اسٹیٹ کی ترقی ، بہتر لائف اسٹائل اور مکان و دوکان کو بہتر طریقے سے پیش کرنے کے لیے جن افراد کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ان میں انٹیریر ڈیزائنر ایک اہم شخص ہے۔ تین سال (چھ سیمسٹر) پر محیط یہ کورس بارہویں کامیاب طلبہ کے لیے ہے
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ماس میڈیا اینڈ جرنلزم (ہندی/انگریزی /اردو) : میڈیا اور جرنلزم کی اہمیت سے کسی کو بھی انکار نہیں ہے ۔ کسی بھی فیکلٹی سے گریجویشن کامیاب طلبہ اس ایک سالہ پی جی ڈپلوما میں داخلہ لے سکتے ہیں یہ ایک جز وقتی کورس ہے ۔ کورس کی تکمیل پر پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں بطور نامہ نگار اور کرسپانڈینٹ ملازمت کے مواقع ہوتے ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان لاجسٹکس اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ : اشیاء کو گودام میں محفوظ رکھنا اور صارفین کی مانگ کے مطابق ان کی بازار میں رسد فراہم کرنا ایک اہم تجارتی کام ہے۔ موجودہ دور میں صنعتوں میں سال بھر اشیاء کی پیداوار اور ان کی سپلائی کی جاتی ہے یہ کورس اس شعبے میں کرئیر کے خواہشمند طلبہ کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے ۔ کسی بھی یونیورسٹی سے گریجویشن کامیاب طلبہ دو سال پر مشتمل اس جز وقتی کورس داخلہ لے سکتے ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن : موجودہ دور میں ہاسپیٹل میں کل وقتی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر ایک عام بات ہے جو اسپتال کے نظم کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ ویسے تو کوئی بھی گریجویٹ یہ کورس کرسکتا ہے لیکن ادارہ ایم بی بی ایس، فارمیسسٹ، بی ایس سی و ایم ایس سی ، بی ایچ ایم ایس ، بی یو ایم ایس، بی اے ایم ایس ڈاکٹرس کو اس کورس کے لیے ترجیح دیتا ہے۔ ہمارے ایسے طلبہ جنھوں نے بی یو ایم ایس ، بی ایچ ایم ایس یا فارمیسی کا کورس مکمل کیا ہے اور بطور آر ایم او (ریسیڈنٹ میڈکل آفیسر) کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے اس کورس کی تکمیل پر بڑے مواقع ہیں۔ مزید اپنے طور پر ذاتی ہاسپیٹل کے نظم و نسق میں یہ کورس معاون ہوگا۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان فارما مینجمنٹ : یہ کورس سائنس گریجویٹس کے لیے ہے اور ایسے طلبہ جنھوں نے بی ایس سی اور ڈی فارمیسی یا بی فارمیسی کیا ہو وہ اس کورس میں داخلہ لے کر فارما مینجمنٹ میں اپنا کرئیر بنا سکتے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیکل شعبے میں دوائوں کی کمپنیوں میں ایسے اسپیشلائزڈ کورسیس کے حامل افراد کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ ایک سالہ کل وقتی میں داخلے کے لیے طلبہ کو تحریری ٹیسٹ اور پرسنل انٹرویو دینا ہوتا ہے۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان ایگری بزنس مینجمنٹ : ایسے طلبہ جنھیں اگریکلچر، فوڈ پروسیسنگ ، ڈیری بزنس ، فشیریز، ہارٹی کلچر وغیرہ سے دلچسپی ہے اور جنھوں نے بی ایس سی (اگریکلچر) یا بی ای / بی ٹیک (فارم انجینیئرنگ اور ڈیری ٹیکنالوجی )میں کیا ہووہ اس دوسالہ کل وقتی کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
٭ ڈپلوما ان پینٹ اپلیکیشن ٹیکنالوجی : بارہویں کے بعد یہ تین سال کا ڈپلوما کورس ایسے طلبہ کے لیے فائدہ مند ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور پینٹ (Paint) انڈسٹریز میں اپنا کرئیر بنانا چاہتے ہیں۔ چھ سیمسٹر پر مشتمل اس کورس کی تکمیل کے بعد طلبہ دیگر یونیورسٹیز سے ماسٹر ڈگر ی کے لیے بھی جاسکتے ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان انوائرنمینٹل پولیوشن کنٹرول ٹیکنالوجی : دیڑھ سال (تین سیمسٹر) پر مشتمل اس کورس کے لیے اہلیت بی ایس سی یا پھر بی ٹیک / بی ای (انجینئرنگ و ٹیکنالوجی ) ہے۔ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی بناء پر اس طرح کے کورسیس کی بین الاقوامی سطح پر مانگ بڑھتی جارہی ہے۔ سائنس و انجینئرنگ گریجویٹس مختلف صنعتوں بالخصوص ترقی یافتہ ممالک میں اس کورس کی بناء پر اچھی جاب حاصل کرسکتے ہیں۔
٭ ڈپلوما ان فارین ٹریڈ مینجمنٹ : تین سیمسٹر (اٹھارہ مہینوں) پر مشتمل بارہویں کامیاب ایسے طلبہ جنھیں بالخصوص کاروبار اور انتظامیہ، کامرس سے دلچسپی ہے وہ اس کورس کو مکمل کرکے اپنا کرئیر بنا سکتے ہیں۔ عالمگیریت (گلوبلائزیشن) کے اس دور میں تمام ممالک ایک دوسرے سے کاروباری تعلقات استوار کرتے ہیں اور بین الاقوامی تجارت میں مختلف دستاویزات کی تیاری ، اشیاء کو برآمد اور درآمد کرنے کے لوازمات اس کورس میں سکھائے جاتے ہیں۔ اچھی کمپنی میں جاب مل جائے تو بیرونی ملک سفر بھی کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ملازمت کے ساتھ اگر مختلف ممالک کی سیر و تفریح میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کے لیے یہ کورس انتہائی مفید ہے۔
٭ بی ایس سی ان ایویشن وِتھ کمرشیل پائلیٹ ٹریننگ : یہ کورس فلائنگ کلب کے اشتراک سے چلایا جاتا ہے۔ بارہویں سائنس (انگلش، میتھس، فزکس) سے کامیاب طلبہ اس میں داخلے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، سول، میکانیکل ، الیکٹرونکس ، الیکٹریکل ، میکانیکل انجینئرنگ ڈپلوما ہولڈر س(دسویں کے بعد تین سال) بھی اس کورس میں داخلے کے اہل ہیں۔ تین سال پر مشتمل اس کورس میں کمرشیل پائلیٹ کا لائسنس رکھنے والے طلبہ کو براہ راست دوسرے سال میں بھی داخلہ ملتا ہے۔ چھ سیمسٹر پر مشتمل اس کورس کی فیس لاکھوں میں ہوتی ہے۔
٭ ڈپلوما ان کمپیوٹر اپلیکیشن : دو سال پر مشتمل اس کورس میں بارہویں کامیاب طلبہ داخلے کے اہل ہیں۔ کمپیوٹر کی بنیادی اور ابتدائی پروگرامنگ کی مہارتوں کو سیکھنے کا یہ کورس اہم ذریعہ ہے۔ مختلف دفاتر میں بطور کمپیوٹر آپریٹر یا انسٹی ٹیوٹ میں کمپیوٹر انسٹرکٹر کے طور پر ملازمت کے مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔
٭ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ان کمپیوٹر پروگرامنگ اینڈ سسٹم انالیسیس : ایک سال کا جز وقتی کورس گریجویٹس کے لیے ہے ۔ اس میںکمپیوٹر پروگرامنگ سکھائی جاتی ہے۔ کمپیوٹر پروگرامنگ میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے کر ایک کامیاب کرئیر بنا سکتے ہیں۔ کسی کمپیوٹر یا سافٹ وئیر فرم میں ملازمت یا خود بھی سافٹ وئیر پروفیشنل کے طور پر اپنی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
٭ ڈپلوما ان جویلری میکنگ : ہندوستان زیورات کا ایک بڑا بازار ہے اور گذرتے وقت کے ساتھ اس کی مانگ بھی اضافہ ہورہا ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں اور فنون لطیفہ سے واقفیت طلبہ کے لیے یہ ایک اہم کورس ہے ۔ نئے ڈیزائن اور کم خرچ میں زیوارات کی تیاری، ضیاع سے بچنا اس کورس کی اہم خصوصیات ہیں۔ کورس کی تکمیل کے بعد زیورات بنانے والی کمپنیوں میں ملازمت کے علاوہ ذاتی سرمائے سے بھی اپنا کاروبار شروع کیا جاسکتا ہے۔
٭ ڈپلوماان فلم میکنگ : فلموں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ کورس اہمیت کا حامل ہے جس میں فلموں سے متعلق مختلف امور کی تربیت دی جاتی ہے۔ فلمیں ہندوستان میں ایک اہم صنعت اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایک اور دو سال پر مشتمل یہ کورس کرنے کے بعد فلم پروڈکشن ہائوس میں اپنی مہارت کے اعتبار سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، کیمرہ مین، سائونڈ ٹیکنیشین، اسکرپٹ رائٹر و دیگر کئی شعبوں میں روزگار کے مواقع حاصل ہیں۔
٭ ڈپلوما ان رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ : تعمیرات کے شعبے میں بھی بڑے پیمانے پر کرئیر کے مواقع دستیاب ہیں۔ موجودہ دور میں بڑے پروجیکٹس زیادہ تر رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیں اور انھیں انجینئرنگ اور مزدوری کے علاوہ دیگر شعبوں بالخصوص مارکیٹنگ اور متوقع صارفین تک پہنچنے کے لیے پروفیشنل کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ کورسز ایسے ہی پروفیشنل بننے میں مدد کرتے ہیں۔انٹرنیٹ پر کورسیس فراہم کرنے والے اداروں کی تفصیل موجود ہے۔ طلبہ ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
رابطہ۔9970809093