واشنگٹن// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں اپنے اہم حریف جوبائیڈن پر یوکرائن کے توانائی کے ادارہ برمیسما سے تعلقات رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بائیڈن کو خاندانی کاروبار سے متعلق سبھی معلومات کو عام کرنا چاہئے۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹ کرکے کہا، "جو بائیڈن کو فوری طور پر اپنا ای میل ، ملاقات ، کال ریکارڈز اور خاندانی کاروبار میں ان کی شراکت سے متعلق ریکارڈ سب کے سامنے رکھنا چاہئے جس میں چین کے ساتھ اپنے تعلقات بھی شامل ہیں۔"امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ نے در حقیقت یوکرائن کے برمیسما کے ادارے کے ممتاز عہدیدار وادیم پوزہارسکئی اور جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے مابین گفتگو کے دو ای میلز جاری کیے تھے ، جس میں پوزارساکائی نے ان کے والد یعنی بائیڈن سے ملاقات کا اہتمام کرنے پر ہنٹر کا شکریہ ادا کیا تھا اور پوچھا تھا کہ جو بائیڈن یوکرائنی کمپنی کی حمایت کرنے کے لئے اپنا 'اثر و رسوخ' استعمال کرسکتے ہیں۔ان ای میلز کے منظر عام پر آنے کے بعد ، بائیڈن نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کے کام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ٹرمپ نے بائیڈن پر اس بارے میں سوال اٹھاِئے ہیں۔ یو این آئی۔