لندن/انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کا اعلان کردیا، انگلش ٹیم آئندہ برس اکتوبر میں 16 برس بعد پاکستان پہنچے گی۔انگلش کرکٹ ٹیم اکتوبر میں کراچی میں دو ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوینٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کر کراچی میں ہوں گے۔انگلش کرکٹ ٹیم بارہ اکتوبر کر کراچی پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔انگلینڈ ٹیم نے پاکستان میں 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔اس کے بعد پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال ایک بار پھر انگلینڈ کا دورہ کرے گی، پاکستان ٹیم جولائی میں تین ٹی ٹوینٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے انگلینڈ جائے گی۔پاکستان کے دورہ انگلینڈ کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا جس کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں ون ڈے سپر لیگ کے تین میچز کے علاوہ تین ٹی ٹوینٹی میچز بھی کھیلے گی۔