میلبورن/ہندوستان نے ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ملی زبردست شکست کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والے دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے اپنی ٹیم میں زبردست تبدیلی کی ہے۔ سلامی بلے باز شبھ من گل اور تیزگیندباز محمدسراج اپنا ڈیبیو کریں گے جبکہ آل راونڈر رویندر جڈیجہ اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ ہندوستان کو ایڈیلیڈ میں پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی دوسری اننگز ٹسٹ تاریخ میں اپنے کمترین اسکور 36 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس شرمندگی کی وجہ سے ٹیم انڈیا کو اپنی ٹیم میں چار تبدیلی کرنی پڑی ہے ۔ سلامی بلے باز پرتھوی شاہ کو اپنی خراب کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی جگہ ٹیم میں نوجوان سلامی بلے باز گل کو موقع دیا گیا ہے ۔تیزگیندباز محمدشامی کے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوجانے کی وجہ سے ان کی جگہ سراج کو ڈیبیو کرنے کا موقع دیا جارہاہے ۔ اس طرح یہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کے لئے ٹسٹ میں ڈیبیو کرنے والے 297 ویں اور 298 ویں کھلاڑی بنیں گے ۔جڈیجہ اپنی چوٹ سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور وہ گیندبازی اور بلے بازی میں ٹیم انڈیا کو مضبوطی دیں گے ۔ پرتھوی شاہ کی طرح تجربہ کار وکٹ کیپر ردھمان ساہا کو بھی ایڈیلیڈ ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ ساہا کو باہر کرکے ان کی جگہ پنت کو موقع دیاگیا ہے ۔ پنت نے پہلے ٹسٹ سے پہلے دوسرے ڈے ۔نائٹ پریکٹس میں طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنائی تھی۔ پنت کا اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ دورے کے بعد یہ پہلا بین الاقوامی میچ ہوگا۔ہندوستان نے جہاں اپنی آخری الیون میں چار تبدیلی کی ہے وہیں آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا کہ وہ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے ۔ ہندوستان کا پہلے ایڈیلڈ ٹسٹ میں شروع دو دن میں دبدبہ بنانے کے بعد تیسرے دن کا کھیل پوری طرح سے بکھر گیا تھا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 244 رن بنائے تھے اور آسٹریلیا کو 191 رن پر سمیٹ دیا تھا۔ حالانکہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ہندوستانی فیلڈروں نے کچھ کیچ ڈراپ کئے تھے ورنہ اسے پہلی اننگز میں 100 رن سے زیادہ کہ سبقت مل جاتی جو فیصلہ کن ثابت ہوتی۔ لیکن ہندوستان کو 53 رن کی ہی سبقت ملی۔ ہندوستانی بلے بازوں نے تیسرے دن پہلے سیشن میں اپنی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ہندوستان کی 88 سالہ ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کوئی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچا تھا۔ آسٹریلیا نے دو وکٹوں پر 93 رن بناکر آٹھ وکٹوں سے آسان فتح حاصل کی۔ ہندوستان کا اس شکست میں ایک بڑا نقصان یہ بھی ہوا کہ اس کے سرکردہ تیزگیندباز محمد شامی پیٹ کمنس کی باؤنسر سے زخمی ہوگئے اور وہ سیریز کے باقی میچوں سے باہر ہوگئے ۔ہندوستان کی ناقص کارکردگی نے ٹیم مینجمنٹ کو اتنی تبدیلی لانے پر مجبور کیا۔ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی جگہ رہانے ٹسٹ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین یہ 100 واں ٹیسٹ ہوگا ۔(یو این آئی)