جموں//آل پارٹیز مائیگرنٹس کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی ایم سی سی) کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں ملاقات کی۔وفد کے ممبران کی قیادت چیئرمین وِنود پنڈت نے کی جبکہ دیگر ارکان میں کے سی بھارتی اور ایڈوکیٹ ارون کندروموجود تھے۔ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو وزیر اعظم کے خصوصی روزگار پیکیج کے تحت کام کررہے کشمیری مائیگرنٹ ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے جلد از جلد ازالے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی مداخلت طلب کی۔دریں اثنا سابق قانون ساز نور محمد شیخ نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو بڑھاوا دینے ، نکاسی آب نظام کو اَپ گریڈ کرنے اور راشن کی تقسیم سے متعلق بٹہ مالو علاقے کی عوامی اہمیت کے متعدد معاملات پیش کئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کے ممبروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے علاوہ مساوی ترقی کے اصول پر کام کر رہی ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کئے گئے جائز امور اور مطالبات کے حل کے لئے ان کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔