جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اٹل ڈولو نے اچاریہ شری چندر کالج آف میڈیکل سائینسز اینڈ ہسپتال ( اے ایس سی او ایم ایس ) جموں میں کووڈ 19 ٹیکہ کاری مرکز کا افتتاح کیا ۔ فائنانشل کمشنر کے ہمراہ ناظمِ صحت جموں اور دیگر صحت افسران تھے ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری اے ایس سی او ایم ایس ڈی کے بترا بھی موجود تھے ۔ فائنانشل کمشنر نے کہا کہ فی الوقت جموں کشمیر میں 162 مقامات پر ٹیکہ کاری ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زائد از 15 ہزار صحت کارکنوں کو پہلے ہی ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو بھی اس میں کردار ادا کرنا ہو گا ۔ جب بھی ایسا کوئی تقاضہ انتظامیہ کی جانب سے دیا جائے ۔ ڈولو نے کہا کہ لوگوں میں ٹیکے لگوانے سے متعلق شقوق و شبہات کم ہوئے ہیں اور اب لوگ ٹیکوں کی افادیت کا اندازہ لگا کر خود ہی آگے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں تیار کئے گئے ٹیکہ کی افادیت کو پوری دُنیا سراہ رہی ہے ۔فائنانشل کمشنر نے اس موقعہ پر کہا کہ جموں میں آج سے 18 مزید ٹیکہ کاری مرکز قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یومیہ دس ہزار ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت اگلے مرحلے میں بزرگوں ، دفاعی عملے اور دیگر فیلڈ ورکروں کی ٹیکہ کاری کیلئے محکمہ نے پوری طرح تیاری کر رکھی ہے ۔ انہیں ادارے کی جانب سے کووڈ 19 ٹیکہ کاری کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ بعد میں فائنانشل کمشنر نے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کر کے کووڈ مرکز کا معائینہ کیا ۔ ٹیم نے کووڈ 19 ٹیسٹنگ لیبارٹری اور دیگر سہولیات کا بھی جائیزہ لیا ۔