’بھاجپا کی غلط پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہینگے‘
سرینگر//کانگریس پارٹی بھارتیہ جنتاپارٹی اور اس کے حواریوں کے غلط پروپیگنڈے کوشکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور پارٹی بھاجپا کی لوگوں کے تئیں غلط پالیسیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔اس بات کااظہار پردیش کانگریس صدر غلام احمدمیرنے پردیش یوتھ کانگریس کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پارٹی کے نوجوان رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میرنے اُن پرزوردیا کہ وہ زمینی سطح پر عام لوگوں کے ساتھ جڑ جائیں اوران کی مشکلات کودور کرنے کیلئے مسلسل کام کرتے رہیں،کیوں کہ جموں کشمیرکے لوگوں نے مرکزی حکومت ،جوصرف جموں کشمیرکی ترقی سے متعلق بلند بانگ دعوے کررہی ہیں، کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بدترصورت حال کو دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ مایوسی محسوس کررہے ہیں کیوں کہ جب سے مرکز میں بھاجپا نے اقتداد سنبھالاہے ،لوگوں نے بدترین حالات کا سامنا کیا جس کی وجہ سے ان کاموجودہ حکومت پر اعتباراُٹھ گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ لوگوں کوکانگریس پارٹی سے توقعات ہیں کیوں کہ اُن نے لوگوں کی اپنی استعداد کے مطابق بہترین خدمت کی ہے اوران کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمانی کی ہے ۔ میرنے پردیش یوتھ کانگریس رہنمائوں پر زوردیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے زمینی سطح پر مزید کام کریں ۔میٹنگ میں جموں کشمیر پردیش کانگریس کے نائب صدر حاجی عبدالرشیدڈار،سینئررہنما بشیراحمدماگرے ،سریندرسنگھ چنی ،ادھے بھانو چب نے بھی خطاب کیا۔
پولیس کے28ڈپٹی سپرانٹنڈنٹو ںکو ترقی
جموں//داخلہ محکمہ نے ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ پولیس (اسٹینو)اورانسپکٹر(سٹینو) کوڈپٹی سپرانٹنڈنٹ پولیس(اسٹینو)پرائیویٹ سیکریٹری کے طور ترقی اور باضابطہ بنانے کاحکم جاری کیا۔حکم کے مطابق محکمانہ ترقیاتی کمیٹی/پبلک سروس کمیشن کی سفارشات پرترقیوں کی منظوری دی گئی۔مستقلی اورترقی کا28ڈپٹی سپرانٹنڈنٹوں (اسٹینو) کوڈی ایس پی(اسٹینو) پرائیویٹ سیکریٹری لیول8تنخواہ اسکیل (47600-151100) کے احکامات میں شکیل احمدبٹ،شمس الدین بٹ،نیلم کماری،فاروق احمد میر،فاروق احمدبٹ،رمیش چندر، ریاض احمد، وریندرکمار، وحیدہ کوثر، سیدسجادحسین، مرزاشوکت احمد،نصراللہ خان، رویندر سنگھ،جناردھن سنگھ، مہندرسنگھ، ترسیم سنگھ، بشیراحمد لون،محمداشرف کرمانی، اشوک کماررینہ،محمدافضل بٹ،ویناگڈرو،پیرعبدالحق،محمداشرف اورمشتا ق احمد وانی شامل ہیں۔اس دوران چھ انسپکٹروں کو (47600-15100)کے تنخواہ اسکیل میں ڈی ایس پی استینو کے طور ترقی دی گئی جن میںسیدہ،محمد رمضان،میرمحمدیوسف،منظوراحمدبابا،فاروق احمد رونگااور عبدالرحیم بٹ شامل ہیں۔
جموں کشمیرمیں اوقاف اسلامیہ اثاثوں کی جیوٹیگنگ
جموں میں65 فیصد کام مکمل ،وادی میں صرف20فیصد
سیدامجد شاہ
جموں//مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں کشمیر میں اوقاف اسلامیہ اپنی جائیداد کی جیوٹیگنگ کررہا ہے تاکہ اس جائیداد کو تحفظ دینے کے علاوہ اس پرناجائز تجاوزات کوروکا جائے۔ایک سینئر حاکم کے مطابق جیوٹیگنگ کا عمل نومبر 2020میں شروع کیا گیااورجموں خطے میں65فیصد اوقاف املاک کی جیوٹیگنگ مکمل کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جائے موقعہ پرجاتے ہیں اورکئی فوٹو کھینچ کرانہیں حکومت ہند کے پروجیکٹ وقف منیجمنٹ سسٹم آف انڈیا پراَپ لوڈ کرتے ہیں ۔اس افسر کے مطابق یہ اس لئے کیاجاتا ہے کہ وقف املاک پرمزیدتجاوزات کوروکاجائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم تجاوزکی گئی جائیداد،پٹے پر دی گئی املاک اور مساجد کی بھی جیوٹیگنگ کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جیوٹیگنگ سے ہم کسی بھی جگہ سے اوقاف املاک کی نگرانی کرنے کے قابل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کسی بھی تبدیلی،تجاوز کو آسانی کے ساتھ معلوم کیا جاسکتا ہے اور یہ جائیداد کے تحفظ کیلئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جموں کی طرح کشمیرمیں اثاثوں کی جیوٹیگنگ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ کشمیرمیں سخت سرما کے سبب وہ صرف20فیصدجیوٹیگنگ ہی کرسکے ۔
سیکریٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ سرمائی سیکریٹریٹ میں حاضررہیں گے
جموں//جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے جمعہ کو جاری ایک حکم میں سیکریٹری اے آرآئی اینڈ ٹریننگ محکمہ کو یکم سے15فروری تک سرینگر کے سرمائی سیکریٹریٹ میں حاضررہنے کاحکم دیا ہے۔کمشنر سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے حکم کے مطابق 21جنوری2020کے حکم کے جزوی ترمیم کے مطابق سیکریٹری اے آر آئی اینڈ ٹریننگ عبدالمجیدبٹ یکم سے15فروری تک سرینگر کے سرمائی سیکریٹریٹ میں حاضررہیں گے۔
کشمیریوں کو دہشت زدہ کرنے کا طریقہ
مرکز ملک کے دیگر حصو ں میں بھی اپنا رہاہے:محبوبہ مفتی
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی صدرمحبوبہ مفتی نے مرکزمیں بھاجپا کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ کشمیریوں کو دہشت زدہ کرکے خاموش کرنے ہی کا طریقہ،کسانوں کے احتجاج سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی اپنا رہی ہے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا،’’حکومت ہندکالے قوانین کے استعمال سے کشمیریوں کو دہشت زدہ کرکے خاموش رہنے کو ملک کے دیگر حصوں میں بھی وسعت دے رہی ہے ۔شہریت ترمیمی بل ہویا کسانوں کے احتجاج دونوں کو ملک دشمن قرار دیاگیااور ان پُرامن تحاریک کو کچلنے کیلئے دہشت گردی مخالف قانون جیسے انسداد غیرقانونی سرگرمیوں کے قانون کو لاگوکیا گیا۔ جموں کشمیرکی سابق وزیراعلیٰ جوتین نئے زرعی قوانین کی پرزورمخالفت کررہی ہیں ،نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ان قوانین کو واپس لیں۔
جسمانی سزا:کولگام میں نجی اسکول نے بچوں کو ننگے پائوں منجمندبرف پرکھڑا رکھا
اسکول سربمہر،تحقیقات کا حکم
خالد گل
کولگام//ایک دل دہلانے والے واقعہ میں کولگام کے ایک نجی اسکول نے کمسن طلبہ کو جسمانی سزا کے طورمبینہ ننگے پائوں منجمد برف پر کھڑارہنے پر مجبور کیا۔پہلوکے اے ون اسکول کے اساتذہ اسی اسکول میںیہ ٹیوشن مرکز چلا رہے تھے ۔سوشل میڈیا پر گردش کررہی اس ہتک آمیز تصویر نے زبردست غم وغصہ پیداکیا۔تصویرمیں پھیرن پہنے لڑکے اور لڑکیاں جوتوں اورموزوںکے بغیرمنجمند برف کی موٹی تہہ پر کھلے میدان میں کھڑے دکھائے گئے ہیں ۔ فیس بک پر شیئر کرنے والے ایک شہری نے لکھا،’’یہ الفاظ سے باہر دل دہلانے والاہے ‘‘۔ایک اور نے ٹوئٹ کیااور لکھا،’’اگریہ سچ ہے کہ نجی ٹوشن مرکز نے جنوبی کشمیر میں کچھ طلاب کو منجمند برف پرننگے پائوں کھڑا کیا،تواس کی انتظامیہ کو رات بھر اسی برف پرکھڑاکردیاجائے۔‘‘حکام نے معاملے کوسنجیدگی سے لیتے ہوئے اسکول کو سربمہر کیااور تحقیقات شروع کردی۔چیف ایجوکیشن افسر کولگام محمداشرف راتھر نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ طلاب کی ٹیوشن فیس ادانہ کرنے پرتوہین کی گئی یاکچھ اور تھا(جھگڑا) اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکول کوسربمہر کیا گیا ہے اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق طلاب کے دوگروپوں کے درمیان جھگڑاہواتھا ،جس کے بعد ٹیوشن مرکز کے اساتذہ نے انہیں سزادی تھی۔اس دوران پولیس نے بھی معاملے کو نوٹس لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ٹیوشن مرکز کی انتظامیہ نے بلا شرط معافی طلب کی ہے اورتحریری طور لکھ کر دیا ہے کہ ایسے واقعات مستقبل میں پیش نہیں آئیں گے ۔تاہم مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ صرف معافی طلب کرنے سے کام نہیں چلے گا بلکہ قصورواروں کو سزادی جانی چاہیے۔
پتوکھاہ سوپور میں برلب سڑک پایاگیا مشکوک ڈبہ
آٹوموبائل شوروم کا چرایا گیا سیف ثابت ہوا
غلام محمد
سوپور //پتوکھاہ سوپور میں سرینگر مظفرآباد شاہراہ کے کنارے ایک میوہ باغ میں پایا گیا مشکوک ڈبہ جسے فوج کے بم ڈسپوزل اسکارڈ نے اُڑا دیا،بالآخر ایک آٹو موبائل شو روم سے چرایا گیا سیف ثابت ہوا۔سرینگر بارہ مولہ شاہراہ پر پتوکھاہ سوپور کے قریب جمعہ کو ایک مشکوک ڈبہ برلب سڑک ایک میوہ باغ میں پایا گیا اورمقامی لوگوں نے فوری طور اس کی اطلاع پولیس کو دی،جس کے بعد پولیس اور فوج نے پورے علاقے میںٹریفک کی آمدورفت بند کی ۔پولیس کے علاوہ 52آر آر بھی موقعہ پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکارڈکو طلب کرلیا گیا جس نے مشکوک ڈبے کو دھماکے سے اُڑادیا۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ مشکوک ڈبہ ایک مقامی آٹو موبائل شوروم کا سیف ثابت ہو اجسے چوروں نے کچھ دن قبل شوروم سے اُڑالیاتھا اور پھر خالی سیف کوپاس کے میوہ باغ میں چھوڑ دیا۔
دراس میں سبزی اور میوہ لوگوںمیں تقسیم
کنگن/غلام نبی رینہ//ضلع انتظامیہ کرگل نے یونین کاپریٹیو سوسائٹی کے اشتراک سے سب ضلع دراس میں 15کوئٹل تازہ سبزی اور میوہ لوگوں میں تقسیم کیا .لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے ایگزیکٹیو کونسلر مبارک شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بھاری برفباری کے بعد جہاں خطہ لداخ کا رابطہ وادی سے منقطع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے کرگل اور دراس میں سبزیوں کی قلت پیدا ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوج ،جو چندی گڑھ سے ہوائی جہاز کے ذریعے سے سبزی لاتی ہے کاپرٹیو سوسائٹی کو فراہم کی تاکہ وہ ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے کرگل کے سب ضلعوں کے علاوہ دور دراز کے علاقوں کے لوگوں میں تقسیم کرے ۔مبارک شاہ نے کہا کہ ابھی تک کاپرٹیو سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ کرگل کے اشتراک سے سانکو، چکتھن،اور دراس میں پندرہ، پندرہ کوئنٹل سبزی اور میوہ لوگوں میں تقسیم کیا ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ابھی کرگل اور اس کے دور دراز کے علاقوں میں بھی سبزی اور میوہ تقسیم کرناہے ۔
خلیفہ اول حضرت صدیق اکبرؓکا یوم وصال
اسلام کے تئیں خدمات ناقابل فراموش: مولانا قانونگو
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خلیفہ اول سید ناحضرت ابوبکرصدیقؓ کے یوم وصال پر کہا ہے کہ آنجنابؓ کی اسلام کے تئیں خدمات ناقابل فراموش اور آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ مولانا قانونگو نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے والہانہ عقیدت میں خانقاہ اکملیہ ؒحول میں قبل از نماز جمعہ خلیفہ اول ؓ کے گراں قدر خلافت اسلامیہ کی بنیادوں کی استحکام کے تحت کی گئی خدمات سے عالم اسلام باخبر ہے۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح سید ناابوبکر صدیقؓ ان ہی اوصاف جملہ کے پیکر تھے اور ہمیشہ سب سے پہلے تکالیف کا سامنا کرتے ہوئے اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ کے ڈھال تھے ،حالت بزرگی میں بھی بقائے اسلام کیلئے بغیر مصلحت خلوص پر مبنی قوت ایمان کااظہار کیا اپنے نفس، مال ، اہل و عیال کو اسلام کے راہ میں قربان کیا۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ پیغمبر اسلامؐ نے غار ثور میں تین دن لاتحزن (غم نہ کر)کی تعلیم دے کر خلافت و امامت ملت کے لئے اشارۃً مستعد رہنے کی تلقین فرمائی۔انہوںنے کہاکہ آج بھی ان ہی خدمات کو آبیاری کرنے کی اشدضرورت ہے۔ اس سلسلے میں 22ماہ جمید الثانی بروز جمعتہ المبارک خانقاہ اکملیہ ؒ حول میں 12بجے سے 2بجے تک سیرت مبارک حضرت صدیق اکبرؓ کی خصوصی مجلس کا انعقاد ہوگا۔
کنگن میں عمارتی لکڑی ضبط
غلام نبی رینہ
کنگن//فاریسٹ پروٹیکشن فورس نے سرسبز سونے کی سمگلنگ ناکام بناتے ہوئے14.78مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کی۔ سندھ رینج کنگن کے کمپارٹ منٹ نمبر13 فسٹ اکہال کنگن میں فارسٹ پروٹکشن فورس کی ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنا پر چھاپہ مارا ج کے دوران کمپارٹ منٹ نمبر13 سے14.78مکعب فٹ کائرو کی عمارتی لکڑی ضبط کرکے اپنی تحویل لی۔ پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے جنگل سمگلروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
ڈی سی بانڈی پورہ کا صحافیوں سے تبادلہ خیال
تقریب بنیادی مسائل کی جانکاری کا حصول
عازم جان
بانڈی پورہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ذرائع ابلاغ کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں سے تبادلہ خیال کرنے سے بنیادی مسائل کی جانکاری حاصل ہوتی ہے۔ ضلع محکمہ اطلاعات نے منی سیکریٹریٹ انفارمیشن ہال میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افراد کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر اویس احمد نے کی۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور میڈیا کے رول کی سراہنا کی۔ اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندوں نے انہیں درپیش مسائل ابھارے۔ ڈاکٹر اویس احمد نے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے بنیادی مسائل کی جانکاری حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے تبادلہ خیال کی تقریبات منعقد کرنے کی تلقین کی ۔تقریب میں ضلع انفارمیشن آفیسر جہانگیر آخون اور دیگر افسران موجود تھے۔
کرالہ پورہ کپوارہ میں جڑی بوٹیاں کھانے سے5افراد بیہوش
اشرف چراغ
کپوارہ //ملیال کرالہ پورہ کپوارہ میں جنگل کی سوکھی سبزی کے بجائے جڑی بوٹی کھانے کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے 5افراد بے ہوش گئے جنہیں فوری طورسب ضلع اسپتال کرالہ پورہ میں علاج وومعالجہ کے لئے دا خل کیا گیا۔جمعہ کی دوپہر کو میلیال کرالہ پورہ میں ایک ہی کنبہ کے 5افراد اس وقت بے ہوش ہو گئے جب انہو ں نے کھانے کے ساتھ جنگل کی سوکھی سبزی کے بجائے جڑی بوٹی پکا کر کھائی ۔مقامی لوگو ں نے بے ہوشی کی حالت میں ان کو سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا جہا ں سے انہیں بعد میں ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا جہا ں ان کا علاج و معالجہ ہو رہا ہے ۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کی حالت مستحکم ہے ۔اس حوالہ سے پولیس تھانہ کرالہ پورہ نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔
انجمن اوقاف کے اہتمام سے کلینڈر کی رسم رونمائی
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر اورمیرواعظ فاونڈیشن کے اشتراک سے امسال مرتب کیا گیا 1442ھ مطابق 2021 جوفروری 2021 تا جنوری 2022 ء پر مشتمل ہے ،کا خوبصورت اور دیدہ زیب کلینڈر اور جو میقات الصلوٰۃ اور اوقات افطار و سحری پر بھی مبنی ہے اور جامع مسجد سرینگر کے علاوہ شہر خاص کے مقدس اور متبرک مقامات کی بھی تصاویر بھی شامل ہیں اور جسے سابقہ روایات کے مطابق میرواعظ کشمیر عمر فاروق کو جامع مسجد کے اجتماع میں ریلیز کرنا تھا ،تاہم ان کی مسلسل نظر بندی کے سبب جامع مسجد کے امام حی اور دیگر عہدیداروں نے کلینڈر کی رسم رونمائی انجام دی اور تمام نمازیوںکو یہ پْر کشش اسلامک کلینڈر ہدیتاً پیش کیا گیا۔اس موقعہ پر کلینڈر کی طباعت و اشاعت میںجن صاحب خیر حضرات نے مالی مدد اور معیاری تصاویر کے ساتھ ساتھ کسی بھی نوعیت کی معاونت کی ہے ان سب کی صحت و عافیت کیلئے دعا کی گئی۔واضح رہے کہ یہ دیدہ زیب اور خوبصورت کلینڈر متعلقہ افراد اور اداروں تک مفت فراہم کیا جارہا ہے تاہم اگر کوئی صاحب خیر معاونت کرنا چاہیں تو دارالخیر میرواعظ منزل کے اکاونٹ نمبر 0086010100003534 اور IFSC No: JAKAO BULBUL جموں کشمیر بنک راجوری کدل سرینگر میں جمع کراکر اجر دارین حاصل کریں۔اس دوران جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے میرواعظ کی فوری خانہ نظربندی ختم کرنے کا مطالبہ دہرایاتاکہ وہ اپنی پُر امن سرگرمیوں اور منصبی ذمہ داریوں کو ادا کرسکیں۔ اس موقعہ پر نمازیوں اور حاضرین نے میرواعظ کی مسلسل نظربندی کیخلاف احتجاج بلند کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
پالی ٹیکنیک ملازمین ڈاکٹر اصغر سامون سے ملاقی
ملازموں کے مسائل ومشکلات سے نسپل سیکریٹری کوآگاہ کیا
سرینگر//پالی ٹیکنک ایمپلائز ایسوسی ایشن نے پرنسپل سکریٹری فروغ ہنر ڈاکٹر اصغر حسن سامون سے جمعہ کوملاقات کی،جس کے دوران انہوں نے مختلف کیڈروں کے نان گزیٹیڈ ملازمین کے دیرینہ زیر التواء مطالبات پر غور کرنے کی درخواست کی۔میٹنگ کے دوران اہل امیدواروںکی اعلی عہدوں پر بروقت تعیناتی کا معاملہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے مقررہ وقت پر محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹیوںکے انعقاد اور پہلے سے اعلی عہدوں پر تعینات امیدواروں کو ہری جھنڈی دینے ،عملے کے تبادلہ،تنخواہوں میں تفاوت، اعلی قابلیت کے حصول کے لئے موجودہ ملازمین کے حق میں پالیسی،ملازم اہل امیدواروں کے استفادے کے لئے بھرتی قواعد وضع ،پالی ٹیکنک شعبہ میں درجہ چہارم کی خالی سامیوں پر ہیلپروں کی تعیناتی،جیسے معاملات ڈاکٹر اصغر سامون کے گوش گزار کیں۔ وفد میںپالی ٹیکنک ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر طارق احمد زرگر ، نائب صدور نذیر احمد تانترے کے علاوہ انجینئر من موہن سنگھ،انجینئرگوتم شرما،انجینئر وکی شرما ،ودھو پوری اور دیگر لوگ بھی شامل تھے۔
پیرزادہ غلام محمد مسعودی کاانتقال
ڈاکٹر فاروق اور مولانا ہمدانی کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شہر خاص کے معروف مسعودی خاندان کے چشم و چراغ پیرزادہ غلام محمد مسعودی ساکن جامع مسجد حال راولپورہ لل دید کالونی کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے بھی اس سانحہ ارتحال دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا انتقال میرے لئے ذاتی صدمہ ہے۔ یاد رہے کہ موصوف وادی کے معروف پیر بزرگ پیر علی شاہ مسعودی کے فرزند ارجمند تھے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اہلیہ شیخ اشفاق احمد ساکن صورہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین خصوصاً شیخ اور قریشی خانوادوں، پیرزادہ محمد اسلم قریشی اورپیرزارہ مختار احمد قریشی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔علی محمد ساگر، ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور سینئر لیڈر مبارک گل نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے پیزادہ غلام محمد مسعودی کی وفات پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔جمعیت کا ایک تعزیتی اجلاس عبدالرشید گانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، صاحبزادہ میاں محمد اشرف الوی پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، جی ایم میر ساقی، فاروق احمد گانی، فاروق احمد میرنے شرکت کی۔ مولانا شوکت حسین کینگ اور پیرزادہ منظور احمد نشاندہ آثار شریف شہری کلاش پورہ، سید منظور حسین قریشی اور محمد اشرف کالی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا ہمدانی نے قریشی خاندان زالڈگر کی نیک سیرت خاتون اہلیہ شیخ اشفاق احمد کے انتقال پر بھی رنج و غم کااظہار کیا ہے۔
منظور احمد وانگنو سے اظہار تعزیت
سرینگر//رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین اور ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون،ضلع چیئرمین کپواڑہ محمد سکندر میر،ضلع چیئرمین بانڈی پورہ تنویر احمد بھٹو،صدر مرکزی جامع مسجد کمیٹی دھنی سیداں اوڑی خواجہ محمد شفیع نے سماجی و مذہبی شخصیت منظور احمد وانگنو ساکنہ سرینگر کے والد کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ انہوںنے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے منظور احمد وانگنو کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ادھر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے غلام محمد وانگنو کی وفات پر رنج وغم کااظہار کیاہے۔انہوںنے موصوف کوانسان دوست ، مُخیر،ممتاز تاجر اور سکالر قرار دیتے ہوئے منظور احمد وانگنو سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔ اس دوران جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ نے وادیٔ کشمیر کے معروف تاجر ،سماجی کارکن ،کشمیرویلیفئر ٹرسٹ جموں وکشمیر کے روح رواںچیئرمین اور بلالیہ ایجوکیشنل انسٹیچیوٹ لعل بازار سرینگر کے چیئرمین منظور احمد وانگنوکے والد غلام محمد وانگنو کے انتقال پر ملال پر رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہا کہ موصوف انتہائی سخی، سادہ اور معتدل مزاج، شریف النفس ،ملنسار اور کشادہ ذہنیت کے مالک تھے ۔