ڈوڈہ// ڈوڈہ کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ کی پہلی نوعیت کی’ ویب سائٹ ‘و پورٹل کا رسم اجراء منیر السلام سیکرٹری اکیڈمی آف آرٹ کلچر و لینگویجز نے جمعہ کے روز جموں میں کیا۔ بھلیسہ ثقافتی مرکز کی طرف سے ترتیب دیئے گئے اس پروگرام میں ڈوڈہ ضلع کی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جس دوران انہوں نے مقامی زبانوں کو پہاڑی زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر بھلیسہ ثقافتی مرکز صداقت ملک نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے قیام سے نہ صرف زبانوں و ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ سماجی، سیاحتی و تعلیمی مسائل کو بھی اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویب پورٹل مغربی پہاڑی زبانوں کو پہاڑی زمرے میں شامل کرنے میں بھی کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ ملک نے کہا کہ یہ ویب پورٹل خطہ چناب کی تہذیب و ثقافت و قدرتی وسائل کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس دوران سیکرٹری اکیڈمی آف آرٹ کلچر و لینگویجز نے بھلیسہ کی ثقافت کو محفوظ بنانے کیلئے ثقافتی مرکز کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھلیسی زبان کو پہاڑی زمرے میں شامل کرنے کے حوالے سے وہ اعلیٰ حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔ تقریب کے دوران ڈوڈہ ضلع کی کئی ادبی، سماجی و انتظامی امور میں شامل افراد نے بھلیسی، بھدرواہی، سراضی ،پاڈری ،پوگلی ،گدی، کھاشا زبانوں کو پہاڑی زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر عبد المجید بچھو، الحاج غلام نبی وانی ،بھارت بھوشن، اسحاق رشید ملک، تسلیم جاوید وانی (کے اے ایس)، شیو نارائن سنگھ، آصف اقبال، فوزیہ مغل، منظور کٹوچ، ارشد جہانگیراور پرویز احمد بھی موجود تھے۔