برڈ فلو کے خدشات
کرناہ میں6کوئوں کی موت ،جانچ کیلئے نمونے حاصل
اشرف چراغ
کپوارہ//کرناہ علاقہ میں ہفتہ کے روز نصف درجن کوے مردے پائے گئے ۔معلوم ہوا ہے جہا ں وادی کے 4اضلاع میں بر ڈ فلو کے اثرات پائے گئے ،وہیں شمالی ضلع کپوارہ کے کرناہ علاقہ میں نصف درجن سے زائد کوئو ں کو مردہ پایا گیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق سیلمان اور نیچن علاقوں میں ہفتے کی صبح کو نصف درجن سے زائد کوئو ں کو مردہ پایا گیا جس کے بعد مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی جبکہ محکمہ انیمل ہسبنڈری کی ایک ٹیم بھی وہا ں پہنچ گئی ۔بلاک ویٹرنری آفیسر ٹنگڈار نے بتا یا کہ مردہ کوئو ں کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری جانچ کیلئے بھیج دئیے گئے ہیں،تاہم غالب امکان ہے کہ یہ کوے برڈ فلو سے نہیں، بلکہ سردی سے مر گئے ہیں ۔
گپکار میں آئی جی سی آرپی ایف کی بلٹ پروف گاڑی کو پُراسرار آگ سے نقصان
سرینگر//گپکارروڈ پر ہفتے کو سہ پہر پراسرار طور پر آگ لگنے کے واقعے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے انسپکٹر جنرل کی ایک بلٹ پروف ایمبیسیڈر کار کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔معلوم ہواکہ ہوٹل للت کے قریب گپکار روڈ پر کھڑی ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر AP23AA4862 کو پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے،جبکہ آگ ایکسیلیٹر کو نقصان کی وجہ سے لگی۔تاہم ، سی آر پی ایف ،ایس ایچ او نشاط اور فائراینڈ ائمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
گاندھی جی کی تعلیمات ملک کیلئے مشعل راہ:غلام احمد میر
سرینگر//پردیش کانگریس نے مہاتما گاندھی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔پردیش کانگریس کے صدردفترپر منعقدہ ایک تقریب پر پارٹی کے صدر غلام احمد میرنے کہا مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور قربانیاں ملک کیلئے ہمیشہ مشعل راہ بنی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے عدم تشدد کا درس دیا اورانہوں نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اورملک کی تحریک آزادی میں وہ ایک بلند پایہ رہنما تھے ۔میرنے کہا کہ گاندھی جی نے پرامن مزاحمت کے ذریعے ملک کی تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی اور 1920میں وہ انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر بن گئے اور کانگریس کو ملک گیرتحریک بنانے میں انہوں نے شاندار رول اداکیا۔اس موقعہ پر غلام احمد میر نے گاندھی جی کے فلسفے اورعدم تشدد کا پرچار کرنے کو وقت کی ضرورت قراردیا۔
بڈگام میں3 پٹرول پمپ سربمہر
بڈگام//ارشاد احمد//بڈگام میں ضلع انتظامیہ نے قوانین کی خلاف کرنے کی پاداش میں 3 پٹرول پمپ سربمہر کئے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا کی ہدایت پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ خانصاحب کی سربراہی میں محکمہ لیگل میٹرولوجی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بڈگام میں موجود مختلف پیٹرول پمپوں پر چھاپے مارے جن کی مقامی لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہورہی تھی کہ طے شدہ رہنما خطوط اور طے شدہ اصول کے مطابق پٹرول پمپ مالکان کام نہیں کررہے ہیں جن کے تحت کارروائی کرتے تین پیٹرول پمپ سربمہر کردیئے گئے۔اس بارے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ عوامی حلقوں سے یہ شکایات موصول ہورہی تھیں کہ پٹرول پمپ مالکان طے شدہ اصول کے مطابق پٹرول فروخت نہیں کررہے ہیں جس کے بعد ہم نے ایس ڈی ایم خانصاحب کی قیادت میں چھاپے مارے کر یہ تصدیق کی کہ واقعی رہنما خطوط کے مطابق کام نہیں کررہے ہیں جس کے بعد ہم نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کو آگاہی دی جس کے بعد ہم نے تین پٹرول پمپ سربمہر کردیئے۔جن تین پٹرول پمپ کو سربہمر کیا گیا ان میں کیچ ،اریگام اور بگرو میں واقع پیٹرول پمپ شامل ہیں۔
شام سے قبل ہی سڑکوںسے ٹریفک غائب
مرگنڈ اور سپدن علاقے کے لوگوں کو مشکلات
سرینگر//خمینی چوک، سپدن ، مرگنڈاوربڈگام کے متعدد علاقوں میں مسافر گاڑیاں شام 6بجے کے بعد ہی سڑکوں سے غائب ہوجاتی ہیں جس کے نتیجے میں مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہا کہ ان علاقوں کے روٹوں پر آر ٹی سی کی گاڑیاں چلائی جائیں جس طرح ماضی میںچلائی جاتی تھیں۔ضلع بڈگام کے خمینی چوک،سپدن ،مرگنڈ اور دیگر علاقوں کے روٹوں پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی من مانیوں سے لوگ شدید پریشان ہوچکے ہیں ۔ لوگوںنے کہا کہ ان گاڑیوں میں مسافروں کو روزانہ اوورلوڈ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورشام 6بجے کے بعد ہی سڑکوںسے گاڑیاںغائب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں دشواریاں پیش آتی ہیں اور اکثر لوگ پھر پیدل سفرکرنے پر ہی مجبور ہوجاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کئی بار ٹرانسپورٹروں سے بات کی گئی تاہم انہوںنے لوگوںکو درپیش مسائل کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ مقامی لوگوںنے مطالبہ کیا کہ ان روٹوںپر ایس آر ٹی سی کی گاڑیوںکو چلا یا جائے تاکہ لوگوںکو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔انہوںنے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر، ایڈوائزر اور کمشنر ٹرانسپورٹ سے بھی اپیل کی ہے ۔
رعناواری میں نامعلوم شخص کی لاش برآمد
پولیس کی لوگوں سے شناخت کیلئے مدد کی اپیل
سرینگر//سرینگر پولیس نے رعناواری کے علاقے میں ایک نامعلوم مرد کی لاش برآمد کی ، جس کی عمر تقریباً 38سے 40سال تک ہوسکتی ہے۔لاش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر لوازمات کے لئے اسپتال لیا گیااوردفعہ 174سی آر پی سی کے تحت کارروائی شروع کردی گئی۔ کوویڈ ٹیسٹ اور پوسٹ مارٹم سمیت تمام ضروری لوازمات کی تکمیل کے بعد لاش کو جی ایم سی سرینگر کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔لاش کی شناخت کے بارے میں اگر کوئی معلومات رکھنے والاہوتو رعناواری کے 9596770661، 9596770876، پی سی آر سرینگر پر 9596222550، 9596222551یا پولیس کنٹرول روم کشمیرکے 112 پررابطہ کر سکتا ہے۔
سینئر صحا فی نذیر مسعودی کی والدہ اور مسعود حسین کے والد فوت
صحافتی برادری کا اظہار تعزیت
سرینگر//معروف نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے نامہ نگار نذیر احمد مسعودی کی والدہ اور کشمیر لائف کے مدیر اعلیٰ مسعود حسین کے والد انتقال کر گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کئی سیاسی،سماجی اور صحافتی انجمنوں نے دو نوں صحا فیوں کے ساتھ تعزیت کا اظہا ر کیا ہے۔انجمن اردوصحافت جموں وکشمیر کے سرپرست اعلیٰ حامدحمید،صدرریاض احمدملک ،جنرل سیکریٹری امتیازاحمدخان اورانجمن کے دیگرذمہ داران،سینئر ارکان اورممبران نے دونوں سینئرصحافیوں نذیرمسعودی اورمسعود حسین کے ساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کوجواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اورجملہ غمزدگان کویہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ جموں وکشمیر نیوز پیپرس کارڈی نیشن کمیٹی کے صدر رشید راہی نے نامہ نگار نذیر مسعودی کی والدہ اور کشمیر لائف کے مدیر اعلیٰ مسعود حسین کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔کے این ایس کے مدیر اعلی محمد اسلم بٹ نے غمزدہ خاندانوں خاصکر نذیر مسعودی اور مسعود حسین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دونوں صحافیوں کے ساتھ گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ شریک غم ہونے کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، جسٹس حسنین مسعودی، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، محمد سعید آخون، شمیمہ فردوس، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون ، ترجمان عمران نبی ڈار اور سارا حیات شاہ نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کشمیر نے مسعود حسین اور نذیر مسعودی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ایسوسی ایشن نے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔
گاندربل میں ڈرائیوروں کیلئے جانکاری مہم
گاندربل/ارشاد احمد//محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب سے 32 ویں روڈ تحفظ مہینہ کے تحت گاندربل کے مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کے لئے نجی اور کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو جانکاری فراہم کی گئی۔رواں ماہ کی 18 جنوری سے محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب جموں کشمیر میں "سڑک تحفظ مہینہ"کے تحت عوامی بیداری کے تحت دریند، بیہامہ اور دودرہامہ میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل عارف احمد شاہ کی سربراہی میں محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب سے نجی اور کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تلقین کرتے ہوئے گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون کے استعمال سے اجتناب،سیٹ بیلٹ اور دیگر قوانین پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی گئی ۔
لولاب میں لاپتہ نوجوان کی نعش برآمد
اشراف چراغ
کپوارہ//لولاب وادی کے ژیر کو ٹ علاقہ میں ایک33سالہ نوجوان کی لاش کو بر آمد کیا گیا جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ۔معلوم ہوا ہے ایز گنڈ خمریال کا 33سالہ نوجوان جاوید احمد میر ولد دلا ور میر پندرہ روز قبل سے گھر سے نکلا اور واپس نہیں ا ٓیا جس کے بعد افراد خانہ میں تشویش کی لہر دو ڈ گئی اور ان کی تلاش شروع کی تاہم جاوید کے بارے میں کوئی اتہ پتہ نہیں مل سکا ۔افراد خانہ نے بعد میں مقامی پولیس تھانہ میں جاوید کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔ہفتہ کے روز جاوید کی لاش کو ژیر کوٹ لولاب کے مقامی جنگل سے بر آمد کیا گیا جس کے بعد پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔
باباپورہ کلن میں سڑک سے قبضہ ہٹایا گیا
غلام نبی رینہ
کنگن//بابا پورہ کلن گنڈ میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کی ہدایت پر پی ایم جی ایس وائی نے سڑک سے غیرقانونی قبضے ہٹایا ۔ سب ضلع کنگن کے بابا پورہ کلن تک جانے والی سڑک پر مقامی لوگوں کے مطابق کئی لوگوں نے قبضہ کیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ مقامی لوگوں نے سڑک سے غیرقانونی قبضہ ہٹانے کے خلاف کئی مرتبہ احتجاج بھی کیا تھا ۔ایک ہفتہ قبل لوگوں کی اس شکایت کے سلسلے میںضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے یقین دلایا تھا کہ اس سڑک سے جلد قبضہ ہٹایا جائے گا اور سنیچر وارکو محکمہ مال اور گنڈ پولیس کے علاوہ ایس ڈی پی او کنگن سید یاسر قادری اورایس ایچ او گنڈ لطیف علی اس کارروائی میں شامل تھے۔
عقائد سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:انجمن شرعی شیعیان
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے علمائے شیعیان کشمیر کوفکری اور عملی ہم آہنگی کا ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعیان جموں و کشمیر حکومتی اقدامات کے آگے سرنگوںہوکر اپنے عقائد سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ایک بیان میںترجمان نے کہا کہ مداخلت فی الدین کی حکومتی کاروائیاں سراسر ناقابل قبول ہیں اور ان کارروائیوں کا ہمارے ایمان و عقیدے سے براہ راست تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کاروائیاں نہ صرف شریعت کے منافی بلکہ تمام دینی، تبلیغی اور تعلیمی سرگرمیوں پر مرتب ہوں گے ۔ترجمان نے کہا کہ معاملے کی سنگینی اور حساسیت کو ادراک کرکے تمام علمائے شیعیان کشمیر نے ایک ناگزیر شرعی ذمہ داری کے تحت متحد ہوکر اپنی منصبی مسولیت کی ادایئگی کا عزم ظاہر کیا علماے شیعیان کشمیر کی یہ فکری اور عملی ہم آہنگی قوم کے جملہ مسائل کے حوالے سے مثبت نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ترجمان نے کہا کہ علما ء کانفرنس میں دین و مسلک کے مفادات کے لئے طے شدہ لایحہ عمل کوعوامی سطح پر زبردست پذیر ائی حاصل ہو رہی ہے جو قوم کو اپنے دینی و مسلکی مسائل کے حل کے لئے ایک حوصلہ افزا صورتحال کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔بیان میں شیعیان کشمیر کے موقوفات کے سلسلے میں حکومتی منصوبوں کو عقیدہ امامیہ اور اور فقہ جعفریہ میں دینی اثاثوں سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کا اقدام شیعیان کشمیر کو کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔ انجمن کے صدرآغا سید حسن نے مذکورہ علماء کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام ذی عزت علمائے دین کا شکریہ ادا کیا۔
پولیس کا شہداء کو خراج عقیدت
۔ 2منٹ کی خاموشی اختیارکی
سرینگر//جموں وکشمیر پولیس نے اُن شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جنہوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔وادی کشمیر میں جموں و کشمیر پولیس کے عملہ اپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹروں اور دیگر پولیس اداروں میں جمع ہوئے اور صبح گیارہ بجے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔خاموشی ان لوگوں کی یاد میں منائی گئی جنہوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔پولیس اداروں میں سائرن کی آواز بھی سنائی دی۔
نیشنل کانفرنس اور انجمن علماء کا وانگنو خاندان سے اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کے معروف تاجر ، سماجی اور دینی شخصیت غلام محمد وانگنو ساکن نواب باغ لال بازار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم کے فرزند حاجی منظور احمد وانگنوکے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے زندگی بھر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی ،معروف عالم دین مولانا محمد یعقوب مہتمم جامعہ عربیہ اشرف العلوم حیدر پورہ سرینگر،قاری عبد الکریم مہتمم مدرسہ امداد العلوم نوریہ کانچلوں کنڈاور مولانا محمد شفیع ترالی مہتمم دارالعلوم نورالقران سنگم نے ایک مشترکہ بیان میں ریاست کے معروف تاجر حاجی غلام محمد وانگنو کے انتقال پرغمزدہ خاندان اور خاص کر حاجی منظور احمد وانگنو کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی دینی خدمات خاصکر مدارس ومساجد اور علماء کے حوالے سے ان کی مخلصانہ خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سوپور پولیس کا عوامی دربار
سرینگر//سوپور پولیس نے وتر گام علاقے میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ (پی سی پی جی)میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ کی صدارت انچارج پولیس پوسٹ وترگام نے کی جس میں وترگام علاقے کے علاوہ لاڈورا ، مرازگنڈ ، چٹلورہ اور تراگ پورہ علاقوں کے معزز شہریوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران شرکاء نے منشیات کے استعمال ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور دیگر سماجی مسائل کے امور پر بات چیت کی۔اس موقع پر افسران نے شرکا ء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور دیگر سول انتظامیہ سے متعلق امور کو متعلقہ محکموں کے پاس اٹھائے جائیں گے۔اجلاس میں شریک افراد نے معاشرتی برائیوں سے نمٹنے میں پولیس کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے پولیس کی کوششوں کو سراہا جہاں شرکا آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
عوامی مجلس عمل کا کئی شخصیات کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے وادی کشمیر کی کئی اہم اور سرکردہ سماجی ، تجارتی اور دینی شخصیات جن میں معروف سماجی شخصیت منظور احمد وانگنو کے والد گرامی غلام محمد وانگنو ساکن لالبازار، مشہور معالج ڈاکٹر حبیب اللہ زرگر کی اہلیہ ساکن صنعت نگر، پیرزادہ غلام محمد مسعودی ساکن راولپورہ،حبی مسجد شریف خواجہ حبیب اللہ نوشہری ساکن نوشہرہ کے موذن غلام نبی خان کی اہلیہ اور برادر نسبتی مرحوم نور محمدخان ، شیخ غلام محمد و اہلیہ مرحوم حبیب اللہ راتھر ساکن حبی کالونی سکھ باغ لال بازار اور تنظیم کے ایک اہم رکن فیاض احمد شاہ کے برادر اکبر مرحوم غلام جیلانی شاہ ساکن ٹنکی محلہ کادی کدل متصل جامع مسجد شامل ہیں کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہارکرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔تنظیم کے مختلف وفود نے سوگواروں کے گھر جاکر جملہ تنظیمی قیادت خاص طور پر سربراہ تنظیم میرواعظ محمد عمر فاروق کی طرف سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
گاندربل کے سماجی کارکن غلام محمد راتھر فوت
گاندربل//ارشاد احمد//
گاندربل سے ملحقہ علاقہ آرہامہ میں معروف سماجی کارکن غلام محمد راتھر مختصر علالت کے بعد ہفتہ کے روز انتقال کرگئے۔مرحوم محکمہ ہارٹیکلچر کے پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ میں اسسٹنٹ گریڈنگ مارکیٹ آفیسر کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔مرحوم علاقے میں ہردلعزیز شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔علاقے کے سماجی اور تعمیراتی کاموں میں حصہ لیتے تھے۔موصوف کی نمازجنازہ آبائی گاؤں میں ادا کی گئی جہاں ان کے جنازے میں کثیر تعداد نے شرکت کی۔ان کے انتقال پر متعدد سیاسی، مذہبی،سماجی،سیول سوسائٹی کنگن، گاندربل، سماجی انجمن گاندربل سپیکس اور فروٹ گرورس ایسوسی ایشن نے اظہار تعزیت کیا۔ مرحوم فروٹ گرورس ایسوسی ایشن گاندربل کے جنرل سیکریٹری بھی تھے۔ ان کی وفات پر فروٹ گرورس ایسوسی ایشن گاندربل کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت منظور احمد پرہ منعقد کیا گیا جس میں ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ۔
آغا سید حسن کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے ہمدانی خانوادہ سرٹینگ رعناواری کی بزرگ شخصیت حاجی سید حسین شاہ ہمدانی حال نابدی پوری جڈی بل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور سوگوار کنبے بالخصوص مرحوم کے فرزند ڈاکٹر سید ریاض حسین شاہ سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ موصوف ایک صالح ،علم و انسانیت دوست اور دین دار شخصیت کے مالک تھے۔انہوںنے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔