لندن //انگلینڈ میں تیسرے قومی لاک ڈائون کو مرحلہ وار آسان بنانے کیلئے حکومتی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی باور کیا جا رہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو مارچ میں مرحلہ وار کھولا جائے گا۔اپریل میں غیر ضروری دکانیں جبکہ پب اور ریستوان کو مئی میں کھولاجا سکتا ہے جم خانے اور ہیر ڈریس کرنیوالوں کیلئے تاحال کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی باور کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن تیسرے قومی لاک ڈائون کو مرحلہ وار آسان بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ 8مارچ سے قبل تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے حکومت اس امر پر بار بار زور دے چکی ہے جب لاک ڈائون کے خاتمے کی طرف پیش قدمی ہوگی تو سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جائے گی دوسرے مرحلے میں ممکن طو رپر غیر ضروری دوکانوں کیلئے گرین سگنل مل سکتا ہے جبکہ تیسرے مرحلے کیلئے پب اور ریستوران وغیرہ کو مئی تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے ہیئر ڈریسرز اور جمخانوں کے کاروبار کو چلانے کیلئے اجازت کب دی جاتی ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگاوزیر اعظم بورس جانسن یہ بھی کہہ چکے ہیں معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کیلئے لمبا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے کوروناانفیکشن کے پھیلائو ‘ ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلوں کی تعداد اور روزانہ شرح اموات مستقبل میں لاک ڈائون کیلئے فیصلے کرنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے حکومت پر امید ہے کہ کورونا کیخلاف شروع کی جانیوالی ویکسین جلد اثر دکھائے گی اور مستقبل قریب میں پابندیوں سے نجات ملتی جائے گی ۔‘ حکومت اگلے ماہ کے وسط تک 70کی دہائی سے زائد عمر کے تمام افراد کو کورونا ویکسین دینے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے منظم انداز سے پیش قدمی جاری ہے تعلیمی اداروں کو کھولنے سے قبل دو ہفتوں کا نوٹس دینے کی ضرورت ہوگی مگر موجودہ حالات میں ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آتا لہذا فروری کے وسط میں مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا ایسے حالات میں تعلیمی ادارے فروری میں نہیں کھولے جا سکیں گے ،حالات میں بتدریج بہتری کی صورت میں مارچ کے پہلے ہفتہ کے اختتام تک تعلیمی اداروں کو کھولنے کا سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے حکومت معیشت کے استحکا م اور عام آدمی کے معمولات زندگی کیلئے انتہائی فکر مند ہے مگر کورونا انفیکشن سے شرح اموات اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ موجودہ وقت میں اس امر کی اجازت ہرگز نہیں دیتا کہ حکومت کسی بھی مقام پر نرمی کا مظاہرہ کرے موثر اقدامات اور پابندیوں پر عمل درآمد ہی انفیکشن کے پھیلائو کو روکنے کیلئے موثر عمل ہے۔