نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا ہے کہ 2021۔ 22 کا بجٹ گاؤں اور کسانوں کو مرکز میں رکھ کر بنایا گیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی صورتحال میں پیش کیا گیا ہے جس میں ترقی کا اعتماد بھی موجود ہے ۔ ہم نے ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے ، نوجوانوں کے لئے نئے امکانات کے دروازے کھولنے ، انسانی وسائل کو نئی بلندیوں پر لے جانے ، نئے شعبوں میں بنیادی ڈھانچوں کی ترقی ، ٹیکنالوجی کو اپنانے اور نئی اصلاحات لانے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زراعت کے شعبہ پر زور دیا گیا ہے اور اس سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ یہ بجٹ افراد ، سرمایہ کاروں ، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بہت سی مثبت تبدیلیاں لائیں گی۔