مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں پاکستانی افواج نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سوموار کی شام کو کئی درجن فوجی چوکیوں کے ساتھ ساتھ آبادی والے علاقہ کو بھی اپنا نشانہ بنایا ۔ فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی افوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منکوٹ سیکٹر کے سونا گلی ،ڈبڑاج اور ناڑ منکوٹ کے علاوہ کئی آبادی والے علاقوں کو اپنا نشانہ بناتے ہوئے چھوٹے اور درمیانہ درجے کے ہتھیاروں سے زوردارفائرنگ شرو کی جس کا جواب ہندوستانی افوج بھی معقول انداز میں دے رہی ہے۔ البتہ آخری خبریں ملنے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا اور کسی بھی قسم کے کوئی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔فائرنگ کے خوف سے لوگ شام کو ہی گھرو ں کے اندر بند ہوکر رہ گئے جبکہ فائرنگ کی آواز دور دور تک سنائی دے رہی تھی ۔ فائرنگ کا سلسلہ شام 5بجکر 45منٹ سے شرو ع ہوا جو شام دیر تک جاری تھا ۔