سرینگر /اشفاق سعید/کشمیر وادی میں لوگوں کو سردی کی شدت سے نجات مل گئی ہے اور گذشتہ رات وادی بھر میں شبانہ درجہ حرارت میںبہتری دیکھی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی رات شہر میں رات کا کم سے کم درجہ حرات منفی 2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6ڈگری تھا ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق وادی کے دیگر علاقوں میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے ۔ قاضی گنڈ میں منفی5.5ڈگری سیشلس درج کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری تھا ۔حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری درج کیا گیا ہے جو اس سے قبل کی رات سے چار ڈگری زیادہ تھا۔شمالی کشمیر کے قصبے کپواڑہ میں منفی 2.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ جنوب میں کوکرناگ میںمنفی 4.3 ڈگری درج کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 14فروری تک وادی میں موسم خشک رہے گا اس دوران درجہ حرارت میں بھی بہتری آئے گی ۔