بارہمولہ//ڈپٹی کمشنر بارہ مولہ کی ہدایت پر حکام نے ضلع کے مختلف صحت عامہ کے اداروں کااچانک معائنہ کیا اور غیرحاضر ملازمین کی تفاصیل ڈپٹی کمشنر کو پیش کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر سوپور میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر سب ڈویژنوں میں سب ڈویژنل مجسٹریٹوں نے یہ معائنے کئے۔ معائنہ کے دوران ضلع بھر میں 43 ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ تمام غیر حاضر ملازمین کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر کو پیش کردی گئیں جنہوں نے تمام غیر حاضر ملازمین کی تنخواہ روکنے کا حکم دیا۔جن صحت اداروں کا معائنہ کیا گیا ان میں پٹن میں 6، ٹنگمرگ میں 7 ، سوپور میں 13 ، بارہمولہ میں 5 اور اوڑی میڈیکل بلاک میں 9 شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت کی موثر فراہمی کے لئے سرکاری اداروں میں باقاعدگی اور نظم و ضبط کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کی مشق جاری رکھیں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈی سی بارہمولہ نے جی ایم سی بارہمولہ اور ٹراما ہسپتال پٹن کے اچانک دورے کے موقع پر مریضوں اور تیماداروں سے براہ راست بات چیت کی جہاں انہوں نے تمام متعلقہ افسران خاص طور پر رات کے اوقات میں ضروری طبی خدمات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔