سعودی عرب میں سڑک حادثہ
چاڈورہ کانو جوان ہلاک
ارشاداحمد
بڈگام//چاڈورہ کے ڈونی وارہ گائوں کا شہری پیر کے روز سعودی عرب میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔چاڈورہ کا 32 برس کا شہری سید اسرار احمد ڈار ولد سید نظیر احمد ساکنہ ڈونیہ وار سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک نجی کمپنی میں کام کررہا تھااور پیر کے روز کار کے حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
مہاجر پرندوں کا غیر قانونی شکار
گاندربل کاشکاری گرفتار، کیس درج
گاندربل//ارشاد احمد//فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ وائلڈ لائف کی مشترکہ کارروائی کے دوران گاندربل سے ملحقہ علاقہ چک فتح پورہ میں مہاجر پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والے شکاری کو گرفتار کرکے اس کے خلاف کیس درج کیا گیاہے۔محکمہ وائلڈ لائف حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سردیوں کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی بیرون ممالک سے ہجرت کر کے متعدد اقسام کے لاکھوں پرندے شالہ بگ آبی پناہ گاہ اور ہرن میں موجود جنگلات میں ٹھکانہ بناتے ہیں جن کو غیرقانونی طور پر مقامی افراد شکار کرلیتے ہیں۔ محکمہ نے فاریسٹ پروٹیکشن فورسز کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جاوید احمد ملا ولد محمد یوسف کو مہاجر پرندوں کے غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں پکڑا اور اس کی تحویل سے شکاری بندوق، کارتوس اور چھری ضبط کی۔اس کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات کے تحت گاندربل پولیس سٹیشن میں کیس زیر نمبر 21/2021درج کیا گیا۔
بڈگام میں جنگجوئوں کے دواعانت کار گرفتار:پولیس
سرینگر// فوج اور پولیس نے بڈگام میں ایک مشترکہ چھاپہ مار کاروائی کے دوران لشکر طیبہ اور تحریک المجاہدین کے جنگجوں کے دو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے۔کے این ٹی کو موصولہ ایک پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت سمیر احمد ایتو اور عبید امین ملہ ساکنان ضلع کولگام کے طور کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ اْنہیں پولیس اور فوج نے گذشتہ روز ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔پولیس بیان کے مطابق گرفتار شدگان کی تحویل سے قابل اعتراض مواد جیسے جھنڈے،بینر اور لیٹر پیڈ بر آمد کئے گئے ۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دونوں جنوبی و وسطی اضلاع میں گرینیڈ دھماکے کرانے میں ملوث رہے ہیں اور دونوں جھنڈے اور بینر بھی تقسیم کرتے رہے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان جنگجوں کیلئے نئے اعانت کار بھی فراہم کرتے تھے۔پولیس نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس سٹیشن چاڈورہ میں ایف آئی آر نمبر6کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
احسن اونتو گرفتار،راجباغ تھانہ میں بند
سرینگر// پولیس نے کل انٹر نیشنل فورم فار جسٹس و ہیومین رائٹس کے چیرمین محمد احسن اونتو کو گرفتار کیا ۔انہیں پولیس تھانہ راجباغ میں بند کردیا گیا ہے ۔فورم کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ احسن اونتو کو یورپی یونین اور افریقی ایلچی کے کشمیر دورے کے پیش نظر حراست میں لیا گیا ۔پولیس نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی کہ احسن اونتو17فروری کو احتجاج کررہے ہیں ۔اس لئے انہیں حراست میں لیا گیا ۔
یورپ کے مقابلہ میں بھارتیوں کی رازداری کا معیار کم
عدالت عظمیٰ کامرکزاور وٹس ایپ انتظامیہ کو نوٹس
نئی دہلی//نیوز ڈیسک//عدالت عظمیٰ نے سوموار کو مرکزاور وٹس ایپ انتظامیہ کواس عرضی پر 4ہفتوں کے اندر اندر جواب طلب کیا ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیاہے کہ پیغام رسانی کے وٹس ایپ پریوروپی استعمال کنندوں کے مقابلے میں ہندوستانی صارفین کے رازداری کا معیار کم ہے۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ لوگوں کوخدشات ہیں کہ ان کی رازداری ختم ہورہی ہے اور یہ ہمارافرض ہے کہ ہم انہیں تحفظ دیں۔چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں ایک بنچ نے حکومت اور فیس بک کی ملکیت کی ایپ کوکرمنیہ سنگھ سرین کی ایک عبوری عرضی پرنوٹس اجراء کی،جوستمبر2017سے زیرالتواء تھی۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ لوگ اپنی رازداری کی اس کمپنی جوکھربوں میں کام کرتی ہے،سے زیادہ قدر کرتے ہیں ۔وٹس ایپ نے کہا کہ یورپ میں رازداری کاخاص قانون ہے اور اگر بھارت میں بھی ایسا قانون ہوگا تووہ اس پرعمل کریں گے۔
ڈسٹرکٹ منرل افسر کولگام کیخلاف کیس درج
ڈمپرڈرائیور سے ہزاروں روپے اینٹھ لینے کاالزام
سری نگر//پلوامہ ضلع میں اونتی پورہ پولیس نے ڈی ایم او کولگام کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے جس میں مذکورہ آفیسر پر قومی شاہراہ پر لوٹ مار کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق لتھ پورہ اونتی پورہ کے ہلال احمد ریشی ولد غلام محمد نے پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں ایک تحریری درخواست میں اس بات کا خلاصہ کیا کہ 12 اور 13 فروری کی درمیانی رات کو ڈمپر کے ڈرائیور فیاض احمد ریشی کو ڈسٹرکٹ منرل آفیسر کولگام ڈاکٹر خورشید احمد اور اسکے ساتھیوں نے لتھ پورہ میں روک کر اسے 33ہزار روپے اینٹھ لئے جبکہ اس کو جبراً بارہ ہزار ایک اکاونٹ نمبر00200040100220195پر ٹرانسفر کرنے کے لیے مجبور کیاگیا۔کے این ایس کے مطابق شکایت میں کہا گیا کہ ڈی ایم او نے مزید کچھ گاڑیوں کو روک کر بھی ان سے پیسے ہڑپ کرلئے ۔اونتی پورہ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 21/21زیر دفعہ 392،506/IPC درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس معاملے میں کئی افراد کی گرفتاریاں متوقع ہے۔