بانڈی پورہ //صدر کوٹ بالا چیوہ اور اجس میں سرکار کی جانب سے پابندی کے باوجود بھی پتھر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے ۔صدر کوٹ بالا چیوہ کے ایک وفد نے منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ کے صحن میں بتایا کہ دفعہ پانچ کے رقبوں سے لوگ پتھر نکال کر روز گار کما رہے تھے لیکن سرکار نے پابندی عائد کرکے بے روزگار بنا دیا ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ سے نظر ثانی کی اپیل کی گئی لیکن کوئی دادرسی نہیں ہوئی ۔انہوں نے مزید کہا’’ چنانچہ ہم ان کانوں سے پتھر نکالتے تھے جوریونیو ریکارڈ میں دفعہ پانچ کے نام پر درج ہے یعنی جو ان رقبہ جات کے متصل رہائش پذیر ہیں ان کو مالکان حقوق حاصل ہیں اورجو رقبہ ریونیو ریکارڑ میں دفعہ چار کے نام سے درج ہے وہ کاہچرائی ہے ‘‘۔وفد نے الزام لگایا کہ ’’کاہچرائی سے بعض افراد پتھر نکال کر فروخت کررہے ہیں لیکن ہمیں اپنے رقبہ سے بھی پتھر نکالنے نہیں دیتے ہیں‘‘۔ اس ضمن تحصیلدار حاجن بانڈی پورہ غلام محمد بٹ نے بتایا کہ چیوہ سے لیکر اجس تک تمام پتھر کے کانوں پر سرکار کی جانب سے پابندی عائد ہے ۔انہوں نے کہا ’’ ہمیں یہ بھی اطلاع ہے کہ کچھ لوگ چوری چھپے پتھر نکال رہے ہیں لیکن پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے حالانکہ انہیں کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے‘‘۔تحصیلدار موصوف نے کہا کہ اس معاملے کو ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی نوٹس میں لایا جارہا ہے۔