سیدھی//یواین آئی// مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی کے رام پور نیکن تھانہ علاقے میں کل صبح بانساگر ڈیم پروجیکٹ سے منسلک نہر میں بس کے گرنے سے 40 مسافروں کی موت ہوگئی اور سات دیگرکو بحفاظت بچالیا گیا۔ اب بھی کچھ لوگوں کے لاپتہ ہونے کے خدشہ کے سبب ان کی تلاش جاری ہے ۔مرنے والوں میں 21 مرد، 18 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ۔ سات شخص شروعات میں ہی کسی طرح نہر سے تیر کر نکل آئے اور ان کی مقامی دیہی باشندوں نے مدد کی۔ دوپہر بعد بھی نہر میں کچھ مسافروں کے بہنے کے خدشہ کے سبب تلاشی مہم جاری ہے ۔ حادثہ کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا گیا ہے ۔بس میں گنجائش سے زیادہ مسافرسوارتھے ۔ بس کی صلاحیت 32 مسافروں کی تھی اور اس میں تقریباً 60 مسافرسوارتھے ۔ بس ڈرائیورکے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ بحفاظت بچ گیا ہے ۔
مودی کا اظہاررنج وغم
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے شہر سدھی میں بس حادثے میں متعدد افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعظم نے متاثرین کے لواحقین کے لئے ایکس گریشیا ادائیگی کی منظوری بھی دی۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ "وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے شہر سدھی میں بس حادثے کے نتیجے میں اپنی جانوں کو گنوانے والے لوگوں کے لواحقین کے لئے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے کے ایکس گریشیا کی منظوری دی گئی۔