تعلیمی سرمایہ کاری پالیسی | جموں کشمیرمیں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پرتبادلہ خیال
یونیورسٹیوں کیلئے 200 کنال اور کالجوں کیلئے 21 کنال اراضی وقف کرنے کی تجویز
جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جے کے ایجوکیشن انویسٹمنٹ پالیسی،2020 (جے کے ای آئی پی) کا جائزہ لینے کے لئے مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔اِی آئی پی 2020 کے مختلف اجزأ پر سیر حاصل بحث ہوئی جس کے علاوہ قانون کے تحت تعلیمی ہبوں میں مختلف تعلیمی مراکز کے قیام کے لئے درکار اراضی کی ضرورت ہے۔دورانِ میٹنگ اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ اِی آئی پی ۔2020کے تحت ہائی ٹیک ایجوکیشن سٹی کیمپس کا ڈھانچہ معروف سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور بین الاقوامی رہائشی سکولوں ، ڈیجیٹل سمارٹ سکول ، اِنجینئرنگ اور پالی ٹیکنیک کالج ، زراعت ، ڈیزائن اور ٹاؤن پلاننگ کالج ، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ، لاء کالج ، سیاحت اور تواضع ڈیولپمنٹ کالج ار دیگر اِنسٹی چیوٹ پر مشتمل ہوگا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ سِکل ڈیولپمنٹ اور اعلیٰ تعلیم محکموں کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے تقریباً 700 کروڑ کی چھ تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سِکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو موصولہ چھ تجاویز کو پرنٹ میڈیاکے ذریعے عام کیا جائے اور نئے متوقع سرمایہ کاروں کو آگے آکر جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جائے۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تعلیم سے متعلق محکموں کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے اور اس مقصد کے حصول میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجانا چاہئے۔ ایس آئی ڈی سی او اور سی آئی سی او پی کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس مشق میں تعاون کریں اور تعلیم کے میدان میں ان سرمایہ کاری کے لئے ترقی یافتہ اور دُور دراز علاقوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے کیونکہ اس سے جموں و کشمیر کی دیہی معیشت کوفروغ ملے گا۔میٹنگ میں یہ بھی تجویز کیا گیا کہ ممکنہ سرمایہ کاروں کو اپنی تجاویز کے بارے میں پیشی کے ساتھ پیش آنا چاہیئے اور اِس کے علاوہ یونیورسٹیوںکے قیام کے سلسلے میں 200 کنال طے کی جانی چاہیے اور کالجوں کے معاملے میں 21 کنال طے کی جائے۔میٹنگ میں یہ بھی تجویز کیا گیا کہ محکمہ آئی اینڈ سی کو ایس ڈی ڈی ، ایچ ای ڈی اور ایس ای ڈی محکموں کے لئے وِنڈو کلیئرنس میکانزم کو یقینی بنانا چاہئے۔
اشتعال انگیزتقاریرپر بھاجپا کی پالیسی دورنگی | وہ کریں تو ٹھیک،کوئی اور کرے توکارروائی :عمرعبدللہ
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اشتعال انگیز تقاریرپر دورُخی پالیسی اپنارہی ہے اور جب ان کے لیڈران نفرت اور اشتعال انگیز تقاریر اور بیانات دیتے ہیں، تو پارٹی خاموش رہتی ہے لیکن جب کسی دوسری پارٹی کا لیڈر ایساکرتا ہے، تو آگ بگولہ ہوجاتی ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر تحریر کیا،’’ بی جے پی کانفرت انگیز تقریر پر مکمل طور پر دہرامعیار ہے،،جب منافرت اانگیز تقریر ان کے کے لیڈروں کی طرف سے آتا ہے‘‘۔انہو ں نے مزید کہا’’ وہ ہاتھ کاٹنے کی بات کرسکتے ہیں،لوگوں کو قتل کرنے کی بات کرسکتے ہیں تو وہ ٹھیک ہے،ہلال لون تقریر کرتا ہے اور اس کو گرفتار کرنے کیلئے انسداد دہشت گردی کے قوانین کو استعمال میں لایا جاتا ہے‘‘۔
جائیدادپرٹیکس عائد کرنابدقسمتی:میر | ایندھن اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر کانگریس کو تشویش
سرینگر//جموں کشمیرمیں جائیدادپر ٹیکس عائد کرنے کوبدقسمتی قراردیتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ یہ صرف لوگوں کو اقتصادی طور کمزور کرنے کی ساز ش ہے۔کے این ایس کے مطابق ان باتوں کااظہار پردیش کانگریس صدرغلام احمدمیرنے بارہ مولہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کی سربراہی والی مرکزی سرکارکی غلط اور عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کو شدیدمعاشی بحران کا سامنا کرناپڑرہاہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار یہ جانتے ہوئے بھی کہ جموں کشمیر کے ہرشعبے خاص طور سے تجارت ،سیاحت اور چھوٹے تاجروں کو5اگست2019کے بعد سے لگاتار کرفیوکی وجہ سے بھاری نقصان اُٹھاناپڑاہے جبکہ عالمگیروباء کوروناوائرس بیماری کے بحران سے نکلنے کی کوشش ہی کرررہے ہیں تومرکزی سرکار عوام مخالف قوانین لانے میں مصروف عمل نظرآرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سخت قوانین لوگوں کی فلاح سے متعلق مودی حکومت کی بے حسی کاعکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو معاشی بحران کا سامنا ہے اورحکومت نے جموں کشمیرمیں جائیداد پرٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو لوگوں کی توقعات کے برعکس اورناقابل قبول ہے۔میرنے کہا کہ پٹرول،ڈیزل،اوردیگراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے لوگوں شدیدمشکلات سے دوچار کردیا ہے اور اس پورے معاملے پرکانگریس کو انتہائی تشویش ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت پرزوردیا کہ وہ مختلف ٹیکس لگانے کے بجائے قیمتوں میں کئے گئے اضافے کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیں۔
ہلال لون پر ایکٹ کااطلاق بلاجواز :نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے سیاسی لیڈران کیخلاف فرضی کیسوں کا اطلاق ، بلاجواز اور غیر قانونی نظربندی ، تنگ طلبی اور ہراسانی کے حکومت ہند کے اقدامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جمہوری نظام میں ایسے اقدامات کیلئے کوئی جگہ نہیں اور یہ اقدامات کسی بھی صورت میں سود مند ثابت نہیں ہوسکتے ۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں پارٹی لیڈر ہلال احمد لون پر انسدادغیرقانونی سرگرمیوں کے قانون کے اطلاق کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ سیاسی انتقام گیری کی بنیاد پر ایسے اقدامات کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال لون کو لگ بھگ 2ماہ تک بنا کسی کیس کے نظربند رکھا گیا اور کل اُن پر ’نفرت انگیزتقریر‘ کا الزام لگا کر یو اے پی اے عائد کیاگیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی دھونس و دبائو کی پالیسی غیر جمہور ی اور غیر آئینی ہے۔
سرینگرجموں روٹ پرٹرانسپورٹروں کی لوٹ سے مسافر پریشان
سرینگر//وادی میں یکم مارچ سے تعلیمی ادارے کھلنے کے نتیجے میںجموں سے سرینگر کی طرف آنے والے مسافروں میں غیر معمولی اضافہ کے بعد ٹرانسپورٹروںنے لوٹ مچانا شروع کیا ہے،جبکہ حکام خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ قریب دو برس کے بعد وادی میں آئندہ ہفتہ اسکول کھلنے کے اعلان کے ساتھ ہی گرمائی دارالحکومت جموں سے وادی واپس لوٹنے والے مسافروں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے،جس کا فائدہ براہ راست ٹرانسپوٹر اٹھار ہے ہیں۔ اس دوران دیگر ریاستوں سے وادی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ اور مزدوروں کی آمد نے جموں سے سرینگر تک چلنے والے ٹرانسپورٹ کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپوٹر موقعہ کو غنیمت جان کر لوگوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں۔ جموں سے دیگر علاقوں جیسے ، دلی ،چندی گڑھ ،ڈوڈہ، کشتواڑ،بھدرواہ ، رام بن ، بانہال اور دیگر علاقوں کیلئے ریٹ مقرر ہے تاہم جموں سے سرینگر کیلئے کوئی ریٹ مقرر نہ ہونے کے نتیجے میں جموں سے سرینگر چلنے والے ٹرانسپورٹر اپنی من مانیاں کرکے جموں سے1500سے 2ہزار روپے فی مسافر کے حساب سے کرایہ وصول کررہے ہیںجس پر متعلقہ حکام تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔جموں سے سرینگر آنے والے مسافروں نے اس ضمن میں سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس روٹ پر چلنے والی تمام گاڑی مالکان مسافروں کو لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کے بجائے ہم بذریعہ طیارہ سفر کیوں نہ کریں کیوں کہ اب ہوائی کرایہ اور گاڑی کے کرایہ میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ مسافروں نے الزام عائد کیا کہ ٹرانسپوٹر مسافروں کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھار ہے ہیں اور جہاں محکمہ ٹرانسپورٹ5کلو میٹر تک چلنے والی چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کا کرایہ مقرر کرتی ہیں،وہیں سرینگر سے جموں یاواپسی کیلئے کرایہ کیوں مقرر نہیں کیا جاتا۔
باغبانی شعبے میں سرمایہ کاری | نوجوانوں اپنے رزق کاسامان پیدا کریں :ناظم باغبانی
سرینگر//ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے پلوامہ اور شوپیاں کا دورہ کرکے وہاں کئی سٹوروں اور فوڈ پروسسنگ یونٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر موصوف نے کہاکہ کولڈ سٹوریج اور دوسری مرکزی معاونت والی اسکیموں سے باغ مالکان کے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقعے فراہم ہوںگے۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کا دورہ کیا اور وہاں پر بے روزگار وں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے شروع کی گئی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر موصوف نے اس موقع پرنوجوانوں پر زور دیا کہ کشمیر میں ہاٹی کلچر شعبہ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے نوجوانوں کو اس میں سرمایہ لگانا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان ہارٹی کلچر اسکیموں سے فائدہ اْٹھا کر اپنے لئے اور دوسروں کیلئے بھی رزق کا سامان پیدا کرسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر موصوف نے اس موقع پر چیف ہارٹی کلچر آفیسران پلوامہ اور شوپیاں پر زور دیا کہ باغ مالکان اور لوگوں میں مرکزی معاونت والی اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی خاطر بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہارٹی کلچر اسکیموں سے سبھی لوگ مستفید ہو تاکہ بے روزگار ی کا قلع قمع کیا جاسکے۔ ڈائریکٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ موجودہ مرکزی حکومت کشمیر وادی میں ہاٹی کلچر شعبے کو وسعت دینے اور اس شعبے میں نئی روح پھونکنے کی خاطر کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام ذرائع کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ڈائریکٹر نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کی خاطر روزانہ کی بنیاد پردفاتروں کا جائزہ لیں تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔
انسداد رشوت ستانی پر محکمانہ ویجی لنس افسروں کیلئے ویب نار
سرینگر//انسدادرشوت ستانی بیوروکے اہتمام سے یہاں محکمانہ ویجی لنس افسروں کے پورٹل کیلئے ایک ویب نار کااہتمام کیاگیا۔ویب نار کاافتتاح انسدادرشوت ستانی بیورو کے ڈائریکٹر جنرل آنند جین نے کیااوراس میں 100کے قریب محکمانہ ویجی لینس افسروں نے حصہ لیا۔ویب نار کے دوران محکمانہ ویجی لنس افسروں کے پاس زیرالتواء معاملات پرغور کرنے کے علاوہ دیگرمعاملات بھی زیربحث آئے۔پورٹل کے دیگرپہلوئوں کے کام کاج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔قابل ذکر ہے کہ محکمانہ ویجی لنس افسرس پورٹل کاافتتاح لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہانے7جنوری کو کیاتھا۔پورٹل کا مقصد انسدادرشوت ستانی بیورواور مختلف محکموں میں محکمانہ ویجی لنس افسروں کے مابین تال میل کو بنانا ہے۔
دستکاروں کو بین الاقوامی بازار سے جوڑنے کیلئے سروے جاری | رنگریٹ میں ہنڈی کرافٹس اینڈہینڈلوم افسران کیلئے ورکشاپ
نیوز ڈیسک
سرینگر //کشمیری دستکاروں کو بین الاقوامی بازار سے جوڑنے کیلئے ہنڈی کرافٹس اور محکمہ ہینڈلوم کی جانب سے جاری سروے کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دینے کیلئے رنگریٹ میںکشمیر صوبہ کے ضلع کارڈنیٹروں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس منوج کمار دیودی کی ہدایت پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہنڈلوم محمود احمد شاہ نے رنگریٹ میں ایک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا اور پروجیکٹ پر جاری کام کی تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس نے افسران پر زور دیا کہ ورکشاپ سے فائدہ اٹھاکر مکمل جانکاری حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت کا استعمال افسران کو صحیح طریقے سے کرنا چاہئے تاکہ دستکاروں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہا’’ دستکاروں کی تفاصیل جمع کرنے کا مقصد ان کو بین الاقوامی بازار سے جوڑنا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی تفصیلات کی بیناد پر دستکاروں کی بہبود اور ترقی کیلئے منصوبے مرتب کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر اعداد و شمار جمع کرنے والی کمپنی M/s Spectrum planning India LTD.سمیت محکمہ ہنڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم کے افسران بھی موجود تھے۔
جل شکتی محکمہ کے ملازمین کا18فروری کو احتجاج کا اعلان
سرینگر// حکومت کی جانب سے جل شکتی محکمہ کے کئی ایک شعبوں کی خدمات کو بلدیاتی اداروں کو منتقل کرنے کے خلاف ملازمین نے18فروری کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ روز جل شکتی محکمہ کے کئی امور اور عملے کو بلدیاتی اداروں کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔اس سلسلے میں واٹر ورکس کارڈی نیشن کمیٹی نے جمعرات18فروری کو سرینگر میں محکمہ کے صدر دفتر واقع ایکسچینج روڑپر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ کارڈی نیشن کمیٹی کے سینئر لیڈر سجاد احمد پرے نے کہا کہ یہ احتجاج سرکاری فیصلے کے خلاف ہوگااورمطالبہ کیا جائے گاکہ سرکار اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرکے اس کو واپس لے۔
اترا کھنڈ میں انجینئر کی ہلاکت این سی کا اظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے اترا کھنڈ میں گذشتہ دنوں سیلاب کی زد میں آنے سے بجلی پروجیکٹ میں کام کررہے کشمیری انجینئر بشارت احمد زرگر ساکن الٰہی باغ صورہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی لیڈر سلمان علی ساگر نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی ۔ انہوں نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ پارٹی قیادت کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر آصف سے سنٹرل یونیورسٹی کا اظہار تعزیت
گاندربل/ارشاد احمد/سنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں شعبہ کنورجنٹ جرنلزم ،اسکول آف میڈیا اسٹڈیز میں سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف خان کی والدہ کے انتقال پر تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔شعبہ اسکول میڈیا اسٹڈیز کے سربراہ پروفیسر شاہد رسول شعبہ کے اعلیٰ حکام ڈاکٹر عارف نظیر ، سینئر اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر جان بابو ، ڈاکٹر نوکاراجو بینڈکورتی اورراشد مقبول کے علاوہ عملہ کے ممبران اورطلباء نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر شاہد نے ڈاکٹر آصف کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈاکٹر عارف نظیر نے بھی سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔اجلاس کے اختتام پر مرحومہ کی روح کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔