سرینگر/// اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں جمعرات کو ہند۔ پاک مندوبین ایک مرتبہ پھر الجھ پڑے۔پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت نے کورونا وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کا محاصرہ سخت کردیاجس کے جواب میں بھارتی مندوب ٹی ایس تری مورتی نے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا اندرون معاملہ ہے اور کسی بھی ملک کو اس پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں بنتا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل کی اس اپیل کی واضح خلاف ورزی پر بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں کورونا وائرس کی ہولناک وبا کے دوران دنیا بھر میں تنازعات کو ختم کرنے پر زور دیا گیا تھا۔کونسل کے اجلاس میں قرارداد 2532 پر عملدرآمد کے حوالے سے بحث کی جارہی تھی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کورونا وائرس کے خلاف مجموعی کوششوں کیلئے عالمی جنگ بندی کی اپیل کی توثیق کی گئی تھی۔منیر اکرم نے کہا کہ بھارت نے وباء کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کا محاصرہ سخت اور ظلم کا سلسلہ تیز کردیا۔ ٹی ایس تری مورتی نے کہا کہ کسی بھی ملک کو بھارت کے اندرون معاملات میں دخل اندوزی کی اجازت نہیںہوگی۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کو لیکر پاکستان جو بھی باتیں کر رہا ہے وہ بے بنیاد اور من گھڑت ہے اور ان میںکوئی بھی صداقت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر کے لوگ خوش ہیں ۔سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر، بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔