پانپور میں جہلم سے لاپتہ دوشیزہ کی لاش برآمد
سید اعجاز
ترال //شار شالی پانپور سے تعلق رکھنے والی ایک18سالہ لڑکی کی لاش کو پولیس نے پانپور کے مقام سے جہلم سے لاش برآمد کر لی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات تیز کر دی ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ جمعرات کی صبح مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا ہے کہ فرستہ بل کے مقام پر دریائے جہلم میں ایک لاش پانی پر تیر رہی ہے ۔پولیس کی پارٹی وہاں پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو باہر نکالا ۔پولیس نے لڑکی کی شناخت رخسانہ علی دختر علی محمد ساکن شار شالی کے طور پر کی ہے۔ رخسانہ علی 18جنوری کو گھر سے لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد افراد خانہ نے پولیس اسٹیشن کھریو میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ ایس ڈی ایچ پانپور میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد میت لواحقین کے سپرد کی گئی۔
۔23سے27فروری تک بارشوں کی پیشگوئی
اشفاق سعید
سرینگر//محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 22سے 27فروی تک کشمیر وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہو سکتی ہیں اور کہیں کہیں بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ کشمیر میں 22فروری تک موسم خوشگور رہے گا اور 22کی شام سے مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کا سسٹم بتارہا ہے کہ 23فروری کو شمالی اور وسطع کشمیر سمیت لداخ کے کچھ ایک علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانہ درجہ کی بارشیں ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 24اور 25کو موسم ابرالود رہے گا جبکہ 26اور 27کو ہلکے سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہو سکتی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ کشمیر میں بارشوں کے ساتھ برف باری ہو گی یا نہیںالبتہ لداخ کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہونے والی بارشوں کا زیادہ اثر شمالی کشمیر میں ہو گا اور وادی میں بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
ریستوراں مالک کے بیٹے پر حملہ قابل مذمت: تاریگامی
سرینگر// سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں ایک مشہور ریستوراں مالک کے بیٹے پر کوحملہ انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا دنیا میں کسی بھی مذہب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بندوق برداروں کے ذریعہ عام شہریوں پر حملہ کرنا بزدلانہ کارروائی ہے اور ایک آواز میں سب کو اس کی مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں پر حملہ اور ان کا قتل کبھی بھی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوسکتا کیونکہ تشدد کبھی بھی کسی بھی مسئلے کا جواب نہیں ہوتا ہے۔تاریگامی نے متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ زخمی شہری مکمل اور جلد صحتیاب ہونگے۔
وادی میں زلزلہ کے ہلکے جھٹکے
شدت3.7، مرکز لداخ میں تھا
سرینگر// جموں وکشمیر میں جمعرات کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق جمعرات کو صبح 7 بجکر 39 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کا مرکز لداخ تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 تھی جبکہ زمین کے اندر اس کی گہرائی 200 کلو میٹر تھی۔
ڈی جی پی کا پولیس عملہ کے بچوں کیلئے خصوصی انعام منظور
سرینگر// پولیس عملہ کے اہلکاروںکے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے اُن کے حق میں 1.30 لاکھ روپے خصوصی انعام کے طور پر منظورکئے۔ سال 2020 کے دوران مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے ان طلاب میں ورون شرما ، انیس فیاض ، سائبہ امتیاز ، دوحہ مشتاق ، جگجیت سنگھ ، شعیب افضل ، طاہر شبیر ، عامر شبیر ،عالم شفیع تانترے ، شیخ مدحت الفیروز،خزین جاوید،اقراء جان اور اتل کے حق میں پولیس ویلفیئرفنڈ سے یہ انعام منطور کیا گیا ۔پولیس عملہ کے بچوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے بہت ساری فلاحی اسکیمیں چلا ئی جارہی ہیں۔
محکمہ صحت کا ریکارڈ ڈیجی ٹائز کرنے کی کوشش
4400اینڈرائڈ ٹیب فراہم کرنے کا اعلان
سرینگر //محکمہ صحت کے ریکارڈ کو ڈیجی ٹائز کرنے کیلئے جموں و کشمیر سرکار نے سب سینٹروں اور ہیلتھ اور ولینس سینٹروں میں انمول آن لائن سافٹ ویئر ایپلی کیشن یعنی( اے این ایمز) کو لاگو کرنے کیلئے 4400 انڈرائڈ ٹیب (ٓAndriod Tab)دینے کا اعلان کیا ہے۔فائنانشل کمشنر صحت وطبی تعلیم اتل ڈلو نے بتایا کہ اے این ایمز(Auxiliary nursing midwives)کو ٹیب دینے سے نہ صرف ان کے اختیارات میں اضافہ ہوگا بلکہ میڈیکل ریکارڈ کو آن لائن دستیاب رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انمول آن لائن اپیلی کیشن کو لاگو کرنے کیلئے تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو لاگو کرنے کیلئے 4400ٹیب کی ضرورت پڑے گی اور آئند ایک ہفتے میں مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کو مرکزی سرکار فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تمام میڈیکل ریکارڈ کو ڈیجی ٹائزکرنے میں بھی کافی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ انمول پروگرام کے اطلاق کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ جموں و کشمیر میں صحت کی خدمات کو نچلی سطح تک پہنچایا جاسکے۔
مولانا آزاد یونیورسٹی کی امتحانات سے متعلق اطلاع
سرینگر// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے طلاب کو مطلع کیا ہے کہ انڈ گریجویٹ فسٹ ائر اور ایم ائے عربک سال 2019-20 کے پہلے سمسٹر امتحانات کو یکم مارچ2021سے ری شیڈول کیا گیا ہے جبکہ ان امتحانات کو سال2020میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر نے طلاب کو مطلع کیا ہے کہ وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلاب پورٹل سے23فروری کے بعد ہال کی ٹکٹ( داخلی کیلئے کارڈ) ڈائون لور کرسکتے ہیں،جبکہ ان ہی ٹکٹوں پر سٹڈی سینٹر یا امتحانی مراکز کے بارے میں معلومات درج ہونگے۔
حضرت شیخ بہاوالدین گنج بخشؒ اور
حضرت حاجی بابا ادہمیؒ کے عرس پر تقریبات
سرینگر// حضرت شیخ بہاوالدین گنج بخشؒ (نوہٹہ) اور حضرت حاجی بابا ادہمیؒ (اسلامیہ کالج) کے عرس عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے۔ حضرت شیخ بہائو الدین گنج بخشؒ کے آستان عالیہ پر منعقدہ تقریب کی صدارت پیرزادہ ڈاکٹر محمد سعید مخدومی اور مولود خوانی کی پیشوائی سید محمد اشرف کاملی نے کی۔ مولانا شوکت حسین کینگ اور مولانا خورشید احمد قانونگوسمیت دیگر کئی افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حضرت بابا ادہمیؒ کے آستان عالیہ میں بعد ازنماز ظہر قرآن خوانی، ختمات المعظمات اور دروداذکار کی مجلس آراستہ ہوئی جس کی پیشوائی پیر محمد حسین ترمبو نے کی۔
اننت ناگ میں 20فروری کو لوک عدالت
اننت ناگ// اننت ناگ میں میکٹ (MACT) کیسز کے دوستانہ تصفیہ کے لئے ایک لوک عدالت کا انعقاد پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اننت ناگ کی عدالت میں 20 فروری 2021 کو ہورہا ہے۔تمام متعلقہ وکلاء اور انشورنس کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ لوک عدالت میں زیر سماعت مقدمات کی نشاندہی کریں ۔اسی طرح تحصیل لیگل سروسز کمیٹی بجبہاڑہ بھی سب انشورنس ایکٹ ، کریمنل کمپاؤنڈ اور سول اینڈ فیملی تنازعات کے تحت زیربحث انوائسز ایکٹ 138 کے زیر التواء مقدمات کے دوستانہ تصفیہ کے لئے ایک لوک عدالت 27فروری کو انعقاد کرے گی۔ لوک عدالتوں میں اپنے مقدمات حل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے قانونی چارہ جوئی کو فوری طور پر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کی اطلاع دی جارہی ہے تاکہ ان کے مقدمات کو ان لوک عدالتوں میں دوستانہ تصفیہ کے لئے درج کیا جائے۔
حضرت خواجہ معین الدین چستی ؒکا عرس
انجمن حمایت الاسلام،حقانی ٹرسٹ ،علمائے احناف اورڈاکٹر فاروق کی عوام کو مبارکباد
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے برگزیدہ ولی کامل حضرت معین الدین چستیؒ کے سالانہ عرس مبارک پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آنجنابؒ نے پاکیزہ کردار، تقوی، خلوص اور علم و فراست کے اوصاف جملہ سے غیر مسلموں کو اسلام کے دائرے میں لایا۔انہوںنے کہاکہ آنجنابؒ نے اسلام کی جو خدمات کی ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے حضرت خواجہ معین الدین چستیؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عظیم ہستی نے برصغیر ہندو پاک میں اسلامی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچانے میں لامثال کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تبلیغِ اسلام کی خاطر آپ نے بے حد تکالیف براشت کئے۔ آپ نے اپنی خانقاہ کو تزکیہ نفس، اصلاح اخلاق اور روحانی تربیت کا مرکز بنایا اور اسلامی معاشرے کو مستحکم اور مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی انتھک کاوشیں کیں۔ علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے جموں کشمیر کے فرزندان ملت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مولانا اخضر نے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چستیؒ نے اسلام کا آفاقی پیغام گھر گھر پہنچانے میں جو کام کیا وہ سنہرے الفاظ میں درج کرنے کے قابل ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت خواجہ معین الدین چستی ؒ کے عرس پر ملک کے لوگوں خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت خواجہ اجمیریؒ کی عظیم کوششوں کی بدولت لوگ جوق در جوق مشرف اسلام ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت چستیؒ کی درگاہ پر جنوبی ایشاء برصغیر خاصکر ہندو پاک کے لاتعداد لوگ ہمیشہ حاضری دیتے رہتے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ برزگان دین اور اولیائے کرام کی درگاہیں اسلامی تہذیب وتمدن کے گہوارے رہے ہیں ۔عرس پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، شریف الدین شارق، میاں الطاف احمد اور محمد شفیع اوڑی نے بھی نے ہندوستان کے عوام خصوصاً مسلمانِ برصغیر کو مبارکباد پیش کیا ہے۔
فِل انڈسٹری کو
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے ایوارڈ سے نوازا
سرینگر// فل انڈسٹریز کوکولڈ چین ایوارڈ2020کے زمرے میں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII)نے قومی ایوارڈ سے نوازا ہے۔سی آئی آئی کے پانچویں کولڈ چین ایوارڈکا17فروری کو انعقاد ہوا۔ ڈائریکٹر فل انڈسٹریز اویس الطاف سید نے سی آئی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’میں فل انڈسٹریز کی طرف سے سی آئی آئی کا بہت مشکور ہوں جنہوں نے ہماری صنعت کو اس ایوارڈ کے قابل سمجھا‘‘۔انہوں نے کہا کہ مسلسل مشاورت اور محنت کی وجہ سے وہ اس مقام پر پہنچے ہیں جہاں انہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فل انڈسٹری گزشتہ تین دہائیوں سے ہندوستانی کسانوں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کررہی ہے۔ اس سے قبل بھی سی آئی آئی نے فل انڈسٹریز کو2019اور2017میں دوسرے زمروں میںاعزازات سے نوازا ہے۔
منشیات کی لت سے نجات دلانے کا عمل
ائمہ کرام اپنا کردار ادا کریں:انجمن علماء
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے اپنے ایک بیان میں علماء ، خطباء اور ائمہ مساجد سے گزارش کی ہے کہ وہ ملت اسلامیہ کشمیر میں منشیات کی لت سے نجات دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کر یں ۔انہوں نے وادی کشمیر میں نوجوان نسل میں نشہ کی لت میں بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اولیائے کرام کی سرزمین ہے جس کے اندر رہنے والی ملت اسلامیہ کشمیراخوت ، ہمدردی اوربھائی چارہ کی جگہ ہے اوریہاں پاک وصاف ماحول ومعاشرہ بنانے میں اپنی مثال آپ تھے لیکن نہ جانے اب اس سماج کو کس کی نظر لگ گئی۔ انہوں نے کہا ’’ والدین پر فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اوراپنے بچوں کو منشیات کی لت اور دوسری برائیوں سے محفوظ رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر یں تب جاکر ہمیں اس مرض سے نجات مل سکتی ہے ‘‘۔
منشیات مخالف مہم
اونتی پورہ اورسوپور میں 2افراد گرفتار
سعید اعجاز+غلام محمد
پلوامہ+سوپور//اونتی پورہ اورسوپور میں پولیس نے منشیات مخالف مہم میںغیر قانونی شراب اور نشیلی دوائیوں سمیت دو افرادکو گرفتار کیا ہے۔ اونتی پورہ چوک میں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی سے غیر قانونی شراب کی40بوتلیں بر آمد کرکے گاڑی میں سوار عارف احمد گنائی ساکن کیمو ہ کولگام نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس جرم میں استعمال کی گئی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 24/2021کے تحت اونتی پورہ تھانہ میں کیس درج کرلیا گیا۔ادھرسوپور کے وارپورہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کے قبضے سے 192نشیلی ٹیبلٹس اور نقدی 1710 روپئے برآمد کرلئے گئے ۔پولیس نے ملزم کی شناخت محمد رفیق گنائی ساکن ڈانگر پورہ سوپور کے بطور کی ہے اور اسے گرفتار کرکے سوپورتھانہ منتقل کردیا ۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر41/2021کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
کرناہ آتشزدگان میں امدادی کارروائی
کرناہ//خاتم نور میموریل چیریٹیبل ٹرسٹ کرناہ نے جاڈا اور باغبیلہ کے آتشزدگان میں امداد کے بطور نقد رقم تقسیم کی۔علاقے میں کچھ دن قبل آگ کی ایک واردات میں لاکھوں روپے کی املاک خاکستراور مویشی زندہ جل گئے تھے۔کرناہ کے لوگوں نے ٹرسٹ کے بانی پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی پسوال ڈنڈی یونیورسٹی برطانیہ کے شعبہ آنکالوجی کے صدر اور چیئر مین ٹرسٹ انجینئر محمد شفیع پسوال کے اس اقدام کی زبردست سراہناکی ۔ٹرسٹ سے وابستہ اشفاق نبی بڈھانہ نے بتایا کہ ٹرسٹ نے مختلف فلاحی کاموں اور مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیاجس میں مریضوں کو مفت ادویات اوریتیم لڑکیوں کی شادی اور مریضوں کو مالی مدد اور خواتین کو بااختیار بناناجیسے کام سرانجام دے رہا ہے ۔
سلطان ڈکی آتشزدگی : نیشنل کانفرنس کا اظہار رنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے سلطان ڈکی اوڑی میں آگ کی ہولناک واردات میں ایک ہی کنبے 4افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے شمالی زون کے نائب صدر ڈاکٹر شیخ شفیع نے ایک بیان میں کہا کہ سلطان ڈکی اوڑی میں گذشتہ ہفتے رونما ہوئی آگ کی ہولناک واردات میں ایک ہی کنبے کے 3افراد لقمہ اجل بن گئے اور آج اسی کنبے کا ایک اور زخمی بھی زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ بیٹھا۔ انہوں نے کہا ’’ افسوس کی بات ہے کہ آج تک انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی اہلکار یا افسر نے متاثرین کے پاس آنے کی زحمت گوارا نہیں کی‘‘۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے اپیل کی کہ متاثرین کے حق میں معقول اور مناسب ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔