سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے نے گالندر پانپور میں قیام پذیر خانہ بدوش گوجر بکروال کو مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے پر زبردست برہمی اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر حسنین مسعودی نے ان پسماندہ خانہ بدوشوں کو حکومت کی طرف سے تنگ کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پسماندہ اور سماج کے پچھڑے طبقوں کو حکومتی امداد اور پشت پناہی کی ضرورت ہے ، انہیں بلاجواز اور غیر ضروری اقدامات کے تحت بے دخل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کا یہ طبقہ پہلے ہی حکومتی نظروں سے اوجھل ہونے کی وجہ سے پستی کی طرف جارہا ہے اور گذشتہ برسوں کے دوران اس طبقہ کو ہر سطح پر نظرانداز کرنے کے علاوہ حکومتی سطح پر ان کیخلاف اعلان جنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016میں جموں میں ان طبقوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنے کی شروعات کی گئی اور یہ سلسلہ پہلگام تک پہنچ گیا اور اب گالندر پانپور میں مقیم خانہ بدوشوں کو وہاں سے نکلنے کیلئے نوٹس دیئے جارہے ہیں۔ حسنین مسعودی نے یہ معاملہ صوبائی کمشنر کشمیر کی نوٹس میں لایا اور خانہ بدوشوں کی بے دخلی کے اقدامات پر روک لگانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل چیلنجوں اور حالات کے مارے یہ خانہ بدوش پہلے ہی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور انہیں امن و سکون کیساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔صوبائی کمشنر نے رکن پارلیمان کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کا بذات خود نوٹس لیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان لوگوں کیساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی اور ناروا سلوک نہ ہو۔