سرینگر//جموں کشمیرانتظامیہ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ برطرف کئے گئے ملازمین کی تفصیلات سی آئی ڈی کو فراہم کریں تاکہ ایسے ملازمین دوبارہ ملازمت میں داخلہ نہ پاسکیں۔ نئے ہدایات محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے یہ مشاہدہ کئے جانے کے بعد جاری کئے گئے ہیں کہ ایسے افراد سے متعلق تفاصیل سی آئی ڈی کو فراہم نہیں کی جاتی ہیں ۔کشمیرعظمیٰ کو ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ اسلئے محکمہ عمومی انتظامی نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام افراد(ملازموں / افسروں) جنہیں آج تک نوکری سے برطرف کیا گیا ہو،کی تمام تفاصیل معینہ مدت کے اندر فراہم کریں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ انتظامی سیکریٹری ایسے افراد ملازمیں اورافسروں کی تفاصیل جنہیں نوکری سے برطرف کیاگیا ہو،سی آئی ڈی ،جو نوکری سے قبل امیدواروں کے چال چلن کی تصدیق کرنے کا ذمہ دار ہے،کو فراہم کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ تازہ ترین معلومات سی آئی ڈی کو فراہم نہیں کی گئی ہیں جن کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ عمومی انتظامی کے انڈرسیکریٹری شعیب محمد نائیکو نے ایک حکم جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطرف کئے گئے ایسے ملازمین کے ممکنہ طور دوبارہ پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس ،گورنمنٹ انڈرٹیکنگس اوردیگر خودمختاراداروں میں ملازمت حاصل کرنے کو روکنے کیلئے معلومات معینہ مدت کے دوران اس محکمہ کو پیش کی جانی چاہیے۔