جموں // پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیرمین حکیم یاسین نے باغات برزلہ سرینگر میں دو پولیس اہلکاروں اور بیروہ بڈگام میں ایک ایس پی او کے مارے جانے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ ایک مہذب سماج میں انسانی جانوں کی اندھا دھند ہلاکتیں زیب نہیں دیتیں ۔ حکیم یاسین نے کہاکہ بندوق برداروں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی مسلسل ہلاکتیں باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار بھی عام لوگوں کی طرح اپنے بال بچوں کے لیے روزی کمانے کے لیے گھر سے نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں موجودہ غیر یقینی سماجی وسیاسی صورتحال کی وجہ سے عام شہریوں و پولیس اہلکاروں کے قیمتی جانوں کی ہلاکتیں بہت افسوس ناک ہیں جس سے نہ صرف قبرستانوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے بلکہ لواحقین پر رنج اور مشکلات کے دردناک پہاڑ آن پڑے ہیں۔حکیم یاسین نے مارے گئے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے روح کے ابدی سکون کی دعا کی۔پی ڈی ایف چیرمین نے کل شام درگاناگ سونہ وار سرینگر میں ایک ڈھابہ مالک کے بیٹے کو نا معلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں زخمی کر کے واقعے کی بھی مذمت کی ۔ انہوں نے اس کے جلد صحت یاب ہونے کی بھی دعا کی ۔