سرینگر// سوپور کے واڈورہ پائین میں گزشتہ ایک سال سے نالہ پہرو کی پشت ڈہنے کے نتیجے میں لوگوں نے رہائشی مکانات کو نقصانات پہنچنے اور انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر اس جانب توجہ نہ دینے کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دریا کی پشت ڈہنے کے نتیجے میں وہ خوف و ہراس میں زندگی گزار رہے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ اس صورتحال کے نتیجے میں درجنوں رہائشی مکانات اور مسجد کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے اس علاقے کا دورہ کرنے کیلئے زحمت بھی گوارا نہیں کی۔ مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو کئی بار اس سلسلے میں رابطہ کیا تاہم زمینی سطح پر کچھ نہیں ہوا۔ فاروق احمد ڈار نامی ایک مقامی باشندے نے کہا کہ مقامی مسجد کی دیوار میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کی۔