بانہال+سرینگر//جواہرٹنل کے قریب سرینگر جموں شاہراہ پراتوار کی شب ایک ٹرک ڈرائیور کی پراسرارحالات میں موت واقع ہوئی جبکہ منورآباد میں مدھیہ پردیش کاایک سیاح حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ جواہرٹنل پر تعینات بانہال پولیس کے اہلکاروں نے ایک ٹرک میں ڈرائیور کو بے ہوشی کی حالت میں پاکر اُسے فوری طور ایمرجنسی اسپتال بانہال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔ڈرائیور کی شناخت منظور احمد لون ولدعبدالرحمن لون ساکن ڈالگیٹ سرینگر کے طور ہوئی ۔پولیس قانونی لوازامات پوراکرنے کے بعد میت کو ورثا کے سپردکیا۔بتایا جاتا ہے کہ بظاہر ڈرائیور کی موت دل کادورہ پڑنے سے واقع ہوئی ہے تاہم پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ منور آبادسرینگر میں مدھیہ پردیش کا سیاح پیر کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگیا۔منور آباد سرینگر میں موجود ابن غنی نامی ہوٹل میں مدھیہ پردیش سے آئے ہوئے سیاح پنکج گپتا ولد اشوک گپتا ہوٹل کے کمرے میں بے ہوش پائے گئے، اگرچہ اُسے ہوٹل انتظامیہ اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے فوری طور پر پاس ہی خیبر ہسپتال منتقل کیاگیا، تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ مذکورہ سیاح حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہواہے۔پولیس نے اس سلسلے میں قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش وارثین کے سپرد کردی گئی جنہوں نے لاش کو واپس مدھیہ پردیش لے لی۔ دریں اثناء سوموار کو سشسترا سیمال بل سے وابستہ ایک اہلکا جی ڈی گگن جو کہ بمنہ میں تعینات تھا، نے اپنی سروس رائفل کا استعمال کرتے ہوئے خود پر گولی چلاکر خود کشی کرنے کی کوشش کی ۔ اہلکار کو خون میں لت پت فوری طور پر جے وی سی بمنہ ہسپتال سرینگر پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔