سرینگر // جموں وکشمیر میں حادثات کی روکتھام کےلئے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہے او ر یہاں اموت کی شرح میں روز بہ روز اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے ۔ایسا کوئی دن نہیں جب سڑک حادثات کی خبریں اخبارات کی زینت نہ بنتی ہوں۔ سڑک حادثات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سالانہ اوسطاً 5ہزار سے زیادہ سڑک حادثات میں 1ہزار لوگ ہلاک اور 5ہزار سے زیادہ زخمی ہوتے ہیں۔ گذشتہ 10برسوں کے دوران 71ہزار 2سو 34سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں جس میں 11ہزار 8سو 67 افراد ہلاک اور 97ہزار 7سو 79افراد زخمی ہو چکے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ذاتی استعمال اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چلنے والی گاڑیاں فٹنس کے مسائل کا شکار ہوتی ہیں جو حادثات کا سبب بنتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت جموں وکشمیر میں سڑکوں کا جال بچھانے کا دعویٰ کر رہی ہے، تاکہ عوام کو سفر کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں ،لیکن یہاں موجودہ سڑکیں تنگ ہیں اور برسوں سے ان کو کشادہ نہیں کیا جا سکا ہے ،جبکہ دورافتادہ علاقوں میںتنگ سڑکیں حادثات کا سبب بن جاتی ہیں۔ کئی اہم شاہراہیں اور سڑکیں مرمت نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں اور حادثات کا باعث بن رہی ہیں۔معلوم رہے کہ زیادہ تر حادثات ڈوڈہ کشتوار اور دیگر دور افتادہ علاقوں میں ہو رہے ہیں جہاں برسوں سے سڑکوں کی مرمت پر کوئی توجہ نہیں د ی گئی ہے ۔جموں کشمیر کی ایک سابق حکومت نے سڑک حادثات کے محرکات کا پتہ لگانے کیلئے قانون ساز یہ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی،اورمذکورہ کمیٹی نے ایک رپورٹ بھی سرکار کو پیش کی تھی۔ اس رپورٹ میں سڑکوں کی خستہ حالت ، ناقابل استعمال گاڑیوں ، بغیر لائسنس گاڑیوں کو چلانا اور ڈیزل اور پٹرول کی جگہ گاڑیوں میں مٹی کے تیل کا استعمال کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن کمیٹی کی رپورٹ پر بھی کوئی عمل نہیں ہوا ۔
سالانہ حادثات کے ا عدادو شمار
سال2020میں جموں وکشمیر میں 4860 سڑک حادثات کے دوران 728افراد ہلاک اور 5894زخمی ہوئے ۔سال2019میں 5796 سڑک حادثات میں 996ہلاک اور 7532 زخمی ہوئے ۔2018میں 5978سڑک حادثات کے دوران 984ہلاک اور 7845زخمی ہوئے۔2017میں 5624 حادثات کے دوران 926ہلاک اور 7419زخمی ہوئے۔ 2016میں 5836سڑک حادثات پیش آئے جن میں 917 ہلاک اور 8142 زخمی ہوئے۔2016میں 5501سڑک حادثات کے دوران 958افراد ہلاک اور 7677زخمی ہوئے۔2015میں 5836 حادثات رونما ہوئے جس دوران 917 افراد ہلاک اور 8142 زخمی ہوئے۔ 2014میں 5861 حادثات کے دوران 992افراد ہلاک اور 8043زخمی ہوئے۔2013میں 6469سڑک حادثات پیش آئے اور 990افراد ہلاک اور8681زخمی ہوئے۔2012میں 6709 حادثات میں 1165 افراد ہلاک اور9755زخمی ہوئے۔2011میں 6644 حادثات میں 1121افراد ہلاک اور 9994زخمی ہوئے۔2010میں 6120 سڑک حادثات میں 1073 افراد کی ہلاکت ہوئی اور8655زخمی ہوئے۔
محکمہ ٹریفک
محکمہ ٹریفک کے ایک اعلی عہدیدار نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سڑکوں پر محکمہ ٹریفک کے اہلکار متحرک ہیں اور روزانہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف چالان کئے جاتے ہیں، جبکہ جانکاری کیمپوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے، تاکہ ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے متعلق مکمل طور پر جانکاری دی جا سکے ۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات پُرانی گاڑیوں ، موبائل فون کا استعمال ، نشہ کی حالت میں گاڑیوں کو چلانے اور خستہ حال سڑکوں پر اورلوڈنگ کی وجہ سے ہو رہے ہیں ۔محکمہ نے پچھلے تین برسوں کے ا عدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ2020میں 424835چالان کئے گئے جس میں 344340کمپاونڈ اور 80495کورٹ چالان تھے ۔سال2019میں 615010چالان کئے گئے جس میں 489289 کمپانڈ اور 125721 کورٹ چالان تھے ۔2018میں محکمہ نے 915933چالان کئے گئے جس میں 766141کمپانڈ اور 149792کورٹ چالان شامل تھے ۔