کشمیر یونیورسٹی میں سمینار اور ویب نار کا اہتمام
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں سوموار کو ’عالمی یوم خواتین ‘ کے سلسلے میں کئی تقریبات جن میں سمیناراورویب نار بھی شامل ہیں،کاانعقاد کیاگیا۔وائس چانسلر کے سیکریٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے ایک خواتین کی صحت وصفائی سے متعلق آگہی کے بارے میں ایک پوسٹر کی نقاب کشائی کی۔سینٹرفار وومنزاسٹیڈیزاینڈ ریسرچ کے اہتمام سے دن بھر ترال میں خواتین کوصحت وصفائی سے بہر مند کرنے کیلئے دیدرپورہ،سوئی نارڈ اورآری پل میں بیداری مہم چلائی گئی۔اس موقعہ پرپروفیسر طلعت نے کہا کہ ناقص صفائی جسمانی اورذہنی صحت کو متاثر کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی صحت کوبرقراررکھنے سے نہ صرف بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے بلکہ جراثیم اور بیکٹیریاکو بھی دوررکھا جاسکتا ہے۔کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثاراورکارڈنیٹر آر یوایس اے ڈاکٹر منظور شاہ نے اس موقعہ پرخواتین کی بہبود سے متعلق آر یوایس اے کے تحت ہاتھ میں لئے جارہے بیداری مہموں کی جانکاری دی ۔ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک نے ایک روزہ سمینار کا اہتمام کیا ۔ڈین اسکول آف سوشل سائنسز نے اس کے افتتاحی سیشن کی صدارت کی جبکہ انسٹی چیوٹ آف ہوم سائنس کی ڈائریکٹر پروفسیر نیلوفر خان نے مہمان خصوصی کے طور اس میں شرکت کی ۔خواتین کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سینٹر نے ایک ویب نار کااہتمام کیاجس میں میڈیا میں خواتین کے رول پر مقررین نے تقاریر کیں۔اس میں انورادھا بھسین،رخسانہ جبین،داکٹر سوربھی دھہیااور شاہانہ بٹ نے میڈیا میں اپنے تجربات کو بیان کیا۔
شوپیان ، بانڈی پورہ اور کولگام میں ضلعی انتظامیہ اورنبارڈکی تقاریب
شاہد ٹاک+عازم جان
شوپیان+بانڈی پورہ+کولگام// جموں و کشمیر کے ضلع شوپیان میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈگری کالج میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت کے سلسلے میںان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اس پروگرام کا انعقاد ضلع انتظامیہ شوپیان نے آئی سی ڈی ایس کے اشتراک سے کیا تھا۔ پروگرام میں خواتین کی کافی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار پروگرام میںمہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر نیٹ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں (آئی سی ڈی ایس) محکمہ کی طرف سے لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے اور حالیہ دسویں جماعت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔پروگرام میں کئی رنگا رنگ پروگرامات پیش کئے گئے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار نے بتایا کہ یوم خواتین کے سلسلے میں ضلع کی مختلف جگہوں پر تقریبات اورسمینار منعقد کئے گئے جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کئے گئے۔ادھرضلع بانڈی پورہ میں عالمی خواتین دن کی مناسبت سے ایک سمینار منعقد کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد مہمان خصوصی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ظہور احمد میر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ ودیگر ضلع افسران مہمان ذی وقار تھے ۔سمینار میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور دیگر مقررین نے عالمی یوم خواتین منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کا معاشرے میں اہم مقام ہے اورموجودہ دور میں خواتین کومعاشرے میں جو رتبہ مل رہا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے ضلع بھر میں خواتین کی بہبودی کے لئے جو مراکز کھولے ہیں ان کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ خواتین کی تعلیم وترقی، ہنراوردیگر ترجیحات کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ خواتین معاشرتی زندگی میں نمایاں رول ادا کرسکیں۔ ضلع کولگام میں عالمی یوم نسواں کے موقع پر ’اُمید‘ کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جموں و کشمیر دیہی معیشت مشن کولگام کی جانب سے بین الاقوامی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ڈی سی آفس کولگام میں ضلع سطح کے یک روزہ میلہ کا انعقاد کیا گیا۔اس میلے کے ذریعہ دیہی معیشت کے مشن کے تحت داخلہ لے کر اپنی مصنوعات کو کھلی منڈیوں میں نمائش کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ایس ایم جی ممبران نے مختلف اسٹالز لگا کر اپنی مہارت کا اظہار کیا اور اپنی مصنوعات پیش کر کے عوام کو بھی اس سلسلہ میں بیدار کرنے پر زور دیا۔اس تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے مہمان خصوسی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک خاتون نے کہا کہ اس سے انہیں بہت فائدہ ہوا ہے۔ تاہم ضلع میں ایک ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہے جہاں پر وہ اپنے ہنر کو پیش کر سکیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوہے ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز نے کہا کہ ضلع میں اور دیگر مقامات پر اس طرح کی تقاریب منعقد کی گئی ہیں اور جلد ہی ضلع میں اس قسم کی مصنوعات کے لیے باضابطہ ایک دکان بھی کھولی جائے گی۔عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں نبارڈکے زیر اہتمام سرینگر میں ایک سمینار کا انعقاد ہوا جس میں مختلف طبقوں سے وابستہ خواتین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر نبارڈ کے ڈپٹی جنرل منیجر منوہر لال نے افتتاحی خطاب کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے خواتین کو با اختیار بنانے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ نبارڈ کا ہدف یہ ہے کہ مختلف اسکیموں کے ذریعے دیہی علاقوں میں غربت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔سمینار میں ڈائریکٹر ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ یونیورسٹی آف کشمیر ڈاکٹر سلیمہ جان نے مہمان خصوصی کے فرائض انجام دئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے خواتین کی سماجی ،ثقافتی ،سیاسی ،تعلیمی اور معاشی ترقی کی ضرورت پر مفصل بات کی۔ڈپٹی جنرل منیجر نبارڈ ایل آر ڈوگرا نے بھی خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
عدم مساوات کو دور کرنا ضروری:تاریگامی
سرینگر //خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ خواتین کی کامیابیوں کو مناتے ہوئے عدم مساوات کو دور کرنا ایک کلیدی حیثیت کا کام ہے۔ اس مشکل دور میں اس دن کو منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر ایک کو یہ یاد دلانا ہے کہ تمام مرد اور خواتین برابر ہیں اور دنیا کو تشکیل دینے میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ خواتین کے مسائل اور ان کو با اختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے جس کے لئے ہمیں مل جل کر جدوجہد کرنی چاہئے۔ عالمی یوم خواتین کی ابتدا خواتین کارکنوں کی استحصالی کام کرنے کی شرائط اور ان کے حقوق کے حصول کے خلاف جدوجہد ہے اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ حکومت کی طرف سے ’خواتین کو بااختیار بنانے‘ کی ساری باتوں کے باوجود ، حقیقت یہ ہے کہ حکومت خود ہمارے ملک میں خواتین کے کام کو اہمیت نہیں دیتی ہے۔
آئین حقوق کی فراہمی میں خصوصی ضمانت دیتا ہے
لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے اہتمام سے تقریب
ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام ضلع عدالت گاندربل میں چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی محمد یوسف وانی کی ہدایت پر سیکریٹری محترمہ تبسم کی نگرانی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سکریٹری لیگل سروسزاتھارٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی خواتین کا دن گزشتہ 110 برسوں سے پوری دنیا میں منایا جاتا ہے جبکہ ہمارا آئین خواتین کے حقوق کی فراہمی میں خصوصی ضمانت دیتا ہے۔آئین فلاحی ریاستوں پر بھی ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ وہ خواتین کی بہتری اور ترقی کے لئے خصوصی انتظام کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین گھر ، معاشرے ، ادارے اور حکومت سے شروع ہونے والی خصوصی نگہداشت کے مستحق ہیں۔خواتین چاہے گھریلو ہو ںیا کام کرنے والی وہ معاشرے اور قوم کے لئے زیادہ سے زیادہ حد تک شرکت کریں۔معاشرے کو مثبت انداز میں بدلنے کیلئے تعلیم سب سے اہم چیز ہے۔اس موقع پر خصوصی موبائل مجسٹریٹ گاندربل فخر النساء نے بھی خواتین کے حقوق پر مفصل روشنی ڈالی ۔
نیشنل کانفرنس کاخواتین کو سماج میں اونچا مقام دلانے میںاہم رول: صبیہ قادری
سرینگر// نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے خواتین کے عالمی دن کے سلسلے میں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک تقریب پر اپنی تقریر میں کہا کہ جموں وکشمیر کی خواتین کو سماج میں اونچا مقام اور مرتبہ دینے میں نیشنل کانفرنس نے کلیدی رول اداکیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور بیگم عبداللہ نے خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے جو دوررس اور منصوبہ بند اقدامات کئے تھے ،وہ آج بھی ہر مکتبہ فکر کیلئے باعث تقلید ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ خواتین کو حکومت کے ہر شعبے میں کام کرنے کیلئے راہیں کھول دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور اور نیا کشمیر کے پروگرام میں خواتین کے حقوق کی پاسداری کے بھارے میں واضح پالیسی اختیار کی۔انہوں نے کہا کہ آج سے 75سال پہلے ’’نیا کشمیر‘‘ منشور میں خواتین کو بااختیار بنانے کی بات پوری وضاحت کے ساتھ کی ہے۔ منشور میں خواتین کے لئے انتظامیہ اور سیاسی میدان میں برابری کے حق کے ساتھ ساتھ اُن کو کم سے کم نمائندگی دینے کے لئے جگہ دینے کے انتظام کی بات بھی کی ہے۔
عورتوں کا احترام یقینی بنائیں:آئی جی پی کشمیر
ہنگامی صورتحال میں 112 استعمال کرنے کا مشورہ
سرینگر// خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی پی کشمیر وجے کمارنے وادی کشمیر کی تمام خواتین خصوصا ً پولیس میں کام کررہی خواتین کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی جی پی کشمیر نے وادی کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خواتین کی حفاظت اور ان کے احترام کو یقینی بنانے کا عہد کریں تاکہ وہ اپنی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کی سمت آگے بڑھیں۔وادی کشمیر کی خواتین کے نام اپنے پیغام میں آئی جی پی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں انہیں 112 ، ایمرجنسی رسپانس سپورٹ سسٹم (ای آر ایس ایس) کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ ای آر ایس ایس کو شہریوں سے وائس کالز ، ایس ایم ایس ، ای میل ، گھبراہٹ ایس او ایس سگنل ، ای آر ایس ایس ویب پورٹل وغیرہ کے ذریعہ موصول ہنگامی سگنلوں سے نمٹنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔انہوں نے SHOUT فیچر کو چالو کرنے کے لئے 112 انڈیا موبائل ایپ (گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور پر دستیاب) استعمال کرنے کا مشورہ دیا ، جو ایمرجنسی رسپانس سینٹر کو چالو کرنے کے علاوہ فوری طور پر امداد کے لئے آس پاس کے رجسٹرڈ رضاکاروں کو بھی الرٹ کرتا ہے۔
Contents
کشمیر یونیورسٹی میں سمینار اور ویب نار کا اہتمامشوپیان ، بانڈی پورہ اور کولگام میں ضلعی انتظامیہ اورنبارڈکی تقاریب عدم مساوات کو دور کرنا ضروری:تاریگامی آئین حقوق کی فراہمی میں خصوصی ضمانت دیتا ہےلیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے اہتمام سے تقریبنیشنل کانفرنس کاخواتین کو سماج میں اونچا مقام دلانے میںاہم رول: صبیہ قادریعورتوں کا احترام یقینی بنائیں:آئی جی پی کشمیرہنگامی صورتحال میں 112 استعمال کرنے کا مشورہ