بانہال// گزشتہ دو روز تک جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے جمعہ سے بانہال کے شابن باس علاقے میں شاہراہ پر جمعہ کی دوپہر گر آئی ہزاروں ٹن ملبے کو ساتھ لیکر آئی بھاری پسی کو صاف کر کے سنیچر کی سہ پہر ٹریفک کی آمد و رفت بحال کردی گئی ہے۔ہزاروں ٹن ملبے کو ہٹانے مٰن 24گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔ ٹریفک حکام نے جمعہ کی شام اس بات کا اعلان کر رکھا تھا کہ سنیچر کو دونوں طرف کا ٹریفک بند رہیگا۔ چنانچہ شاہرا بحال ہونے کیساتھ ہی سہ پہر بعد درماندہ ٹریفک کو بحال کیا گیا ۔ بانہال کے شابن باس کے علاقے میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں جمعہ کو ایک بھاری پسی گر آئی تھی۔ جمعہ کے روز ہی ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان شاہراہ کے قریب پچاس کلومیٹر کے سیکٹر میں ہفتہ وار ضروری مرمت کے پیشِ نظر گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت بند تھی۔ ڈی ایس پی ٹریفک بانہال شمشیر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر کی صبح موسم میں آئی بہتری کے بعد شابن باس علاقے میں پسی کے ملبے کو صاف کرکے شاہراہ کو سنیچر دن کے قریب تین بجے یکطرفہ اور جزوی ٹریفک کے قابل بنایا گیا اور پسی کے دونوں طرف جمعہ سے رکے پڑے مقامی اور دیگر مسافر ٹریفک کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف نکلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر مسافروں کو سفر سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ شابن باس پسی کی وجہ سے شاہراہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میںمتاثر ہو سکتی ہے تاہم موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے بعد اتوار کو جموں سے سرینگر کی طرف مسافر بردار ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی۔