کشتواڑ// بھارتیہ جنتا پارٹی کشتواڑ اکائی نے کشتواڑمیں ایک پریس کانفرس میں تعلیمی نظام پر سوال اٹھائے ہیں ۔ پریس کانفرس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر آشیش شرما نے بتایا کہ کشتواڑ میں کی ماہ سے ایک معاملہ سامنے آرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال2014میں سرکار نے کے جی بی وی سکول کھولنے کے احکامات صادر کئے تھے جس کے تحت ضلع کشتوار میں بھی یہ سکول کھولے گے اور ان سکولوں میں تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو کم تنخواہ پر تعینات کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے افسران نے ان سکولوں میں اپنے من پسند ملازمین کو اٹیچ کیا ہے اور تعلیم یافتہ بیروزگاروں کو اس سے محروم رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکام نے حال ہی میں تمام اٹیچ منٹ کو منسوخ کر دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی استاد کو اپنے سکول سے دوسرے سکول کے ساتھ منسلک نہیں رکھا جا سکتا اور نہ ہی ان سے کلرک کا کام لیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے اساتذہ کو دوسرے سکولوں اور دیگر دفاتر میں اٹیچ رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس تعلق سے چیف ایجوکیشن افسر سے بھی فون پر بات کی لیکن انہوں نے بات پوری ہونے سے قبل ہی فون کاٹ دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر ان حکمناموں کو واپس نہیں لیا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن اور ضلع ترقیاتی کمشنر کشتوار سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور ان حکم ناموں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔