متھرا//ایڈیشنل سیشن جج متھراپرمود کمارسنگھ کی عدالت نے قتل کے جرم میں ایک خاتون سمیت چار قصورواروں کو عمرقید کی سزاسنائی ہے ۔چاروں پر جرمانہ بھی لگایا گیا ہے ۔استغاثہ نے آج کہا کہ 19 نومبر 2011 کو جیتو کو اس کے پڑوسی رام سنگھ، اس کے دونوں بیٹے امیش، مہیش اوراس کی بیوی پشپادیوی گھر سے بلاکر لے گئے تھے ۔ شام تک جب جیتو گھر نہیں لوٹا تواس کے اہل خانہ نے اس کے بارے میں پوچھ گچھ کی تو انہوں نے کہا کہ وہ اسے جنم بھومی کے پاس چھوڑ کر آگئے تھے ۔ جیتو جب رام سنگھ کے ساتھ جارہاتھا تو اسے نہ صرف اس کے اہل خانہ نے دیکھا تھا بلکہ پڑوسی دنیش کمار نے بھی دیکھا تھا۔بعد میں 25 نومبر کو تھانہ ہائی وے علاقہ کے تحت ایک بوری میں بند لاش ملی جسے پہنے ہوئے کپڑوں کی بنیاد پر اہل خانہ نے پہچان لیا۔ 26 نومبر 2011 کو اس واقعہ کی رپورٹ گووند نے چاروں کے خلاف تھانہ نہرولی میں درج کرائی تھی۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رام سنگھ اور ان کا خاندان جو 25 نومبر سے ہی گھرمیں تالالگاکر غائب ہوگئے ، وہ اپنی بیٹی راکھی کے فرارہونے میں مقتول کاہاتھ ہونے کے شک میں اس سے رنجش کر رہے تھے ۔جج نے ڈاکٹری رپورٹ، گواہان کے بیان، گھروالوں کے بیان اور واردات میں استعمال ہونے والے چاقو کی برآمدگی وغیرہ کی بنیاد پر کل رام سنگھ، اس کی بیوی پشپادیوی، اس کے دوبیٹوں امیش اور مہیش کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302/34 میں عمرقید اوردس ہزار کا جرمانہ اورجرمانہ ادانہ کرنے پر6-6 ماہ کی اضافی سزاسنائی۔یواین آئی