مینڈھر //خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کرنے کام مسلسل جاری ہے ۔مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے تعینات میکینکل شعبہ کی ٹیم اور مشینری کی جانب سے لگاتا ر برف ہٹانے کا کام کیا جارہا ہے جبکہ حالیہ دنوں میں مذکورہ کام کچھ عرصہ کیلئے متاثر بھی ہوا تھا ۔ہر برس مغل شاہراہ شدید برفباری کی وجہ سے چار سے پانچ ماہ تک قابل آمد ورفت نہیں رہتی جبکہ میکینکل شعبہ کی جانب سے موسم ساز گار ہونے کے بعد اس کی بحالی کیلئے کام کیا جاتا ہے ۔جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کی بحالی کیلئے 30مارچ تک کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے چلتے متعلقہ محکمہ کے ملازمین و مشینری کام پر تعینات ہیں ۔محکمہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ گزشتہ دنوں خطہ میں ہوئی شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے برف ہٹانے کا کام کچھ دنوں کیلئے متاثر ضرور ہو ا ہے لیکن اس کے باوجود بھی شاہراہ کی بحالی کیلئے محنت و لگن سے کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی شاہراہ کو قابل آمد ورفت کر دیا جائے گا ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس برفباری کیساتھ ساتھ کووڈ 19کی وجہ سے بھی شاہراہ پر مکینوں اور سیاحوں کی آمد ورفت انتہائی کم رہی جبکہ کچھ عرصہ کیلئے شاہراہ کو عام آمد ورفت کیلئے بند بھی رکھا گیا تھا ۔خطہ پیر پنچال کی عوام بالخصوص مریضوں اور طلباء کو شاہراہ کی بحالی سے فائدہ ہوتا ہے جبکہ سیاحتی شعبہ اور تجارتی پیشہ افراد بھی شاہراہ کی جلد بحالی کا انتظار کررہے ہیں ۔