سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ کووڈ کی دوسری لہر نے سنگین رُخ اختیار کیا ہے ۔پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا ہے کہ جہاں ملک میں روزانہ 50ہزار کے قریب مثبت معاملات سامنے آرہے ہیں وہیں جموں وکشمیر میں بھی کیسوں میں زبردست اچھال دیکھنے کو مل رہا ہے لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ انتظامیہ اس جانب کوئی بھی توجہ مرکوز کرنے کیلئے تیار نہیں۔ عمران ڈار نے کہا کہ کووڈ معاملات میں اضافہ سے لوگ تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں لیکن انتظامیہ کے پاس اس کی روک تھام کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ ترجمان نے کہاکہ سکول، کالج، دفاتر، کاروبار ، تجارت اور دیگر سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور کسی بھی قسم کے احتیاطی یا پیشگی تدابیر نہیں کئے جارہے ہیں، صرف ذارئع ابلاغ میں معیاری عملیاتی طریقۂ کار (SOP's)کے اطلاق کی خبریں پڑھنے اور دیکھنے کو ملتی ہیں لیکن زمینی سطح پر ایس او پیز کا کہیں پاس و لحاظ نہیں اور نہ ہی انتظامیہ ان پر عملدرآمد کرانے کیلئے کوئی اقدام کررہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ نے گذشتہ سال کووڈ کی تشویشناک حد تک ہوئے اضافے سے کوئی بھی سبق نہیں سیکھا ہے اور حکومتی سطح پر یہاں نااہلی اور ناکامی کا کھلم کھلا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خواب غفلت سے نکل کر کووڈ کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کارگر اور ٹھوس اقدامات کریںاور وقت رہتے اس پر قابو پالیں۔