اننت ناگ میں دلدوز سڑک حادثہ
49 سالہ شہری جاں بحق
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ میں سڑک کے حادثے میں ایک شہری لقمہ اجل بن گیا ۔اچھ بل تجھی وارہ میں جمعرات کی صبح تیز رفتار ٹپر نے بی ایڈ کالج کے نزدیک 49 سالہ نصیب احمد وانی ولد خضر وانی ساکنہ وانگام شانگس کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔زخمی شخص کو علاج معالجے کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے کیس درج کیا ۔جاں بحق شہری کی میت جب گھر لائی گئی تو وہاںکہرام مچ گیا۔
کمیونٹی انفارمیشن مراکز کے 172آپریٹر
۔4سال سے مستقلی کے انتظار میں
لیفٹننت گورنر سے مداخلت کی اپیل
سرینگر// حکومت کی جانب سے4سال قبل محکمہ دیہی ترقی میں کیمونٹی انفارمیشن مراکز میں کام کرنے والے آپریٹروں کو مستقل کرنے کیلئے کابینہ،اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی،محکمہ قانون اور ایڈوکیٹ جنرل سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد بھی 172 آپریٹروںکا مستقبل تاریک بن گیا ہے کیونکہ ابھی تک اس معاملے میں کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ کیمونٹی انفارمیشن مراکز میں کام کرنے والے آپریٹروں نے جمعرات کو لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ملاقات کے دوران انہیں مستقل کرنے کے حوالے سے میمورنڈم پیش کیا۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیرکے دیہی علاقوں میں 172 سی آئی سی آپریٹرز کام کر رہے ہیںاور انہیں معاہدے کی بنیاد پر2004سے10ہزار روپے کی معمولی رقم پرفی ماہ فراہم کی جارہی ہے،اور اس مشاہرے سے وہ بچوں کو مناسب تعلیم بھی فراہم نہیں کرسکتے۔انکا کہنا ہے کہ انکی تقرری میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہے،جو حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی ضلعی سطح کی کمیٹیوں کے ذریعہ سال2004میں عمل میں لائی گئی اور یہ کمیٹیاں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کام کر رہی تھی۔یاداشت میں کہا گیا کہ ’’ سی آئی سی آپریٹر‘‘ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور ان میں جہاں ’ایم ایس سی‘ اور ایم اے ڈگری یافتہ ہیںوہیںایم ٹیک اور بی ٹیک کے علاوہ دیگر پیشہ وارانہ ڈگریاں حاصل کی ہیں اور وہ تکنیکی لحاظ سے کافی بہتر ہے۔انہوں نے اپنے میمورنڈم میںتحریر کیا ہے کہ وہ تمام آن لائن ویب پورٹلز کو مؤثر طریقے سے چلا رہے ہیں جبکہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے ای گرام سوراج سوچھ بھارت مشن ، پی ایم اے وائی ، پیپلز پلان مہم (سبکی یوجنا سبکا وکاس) ، جی پی ڈی پی ،مشن انتیوڈیا ، پی ایف ایم ایس اور ای گورننس سے متعلق دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ان کا کہناہے کہ سال2014میں جموں کشمیر کی کابینہ نے محکمہ دیہی ترقی میں کام کر رہے ان آپریٹروں کی مستقلی کیلئے منصوبہ مرتب کیاجبکہ2016میں کابینہ نے ایک فیصلے کے دوران172ڈاٹا انٹری آپریٹروں کی اسامیوں کو قائم کیا اور2017مین حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے پرنسپل سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں انکے کیسوں کو مستقلی کے حوالے سے ہری جھنڈی دکھائی۔ پارلیمانی ارکان کو سونپے گئے میمورنڈم میں کہا گیا کہ ان سفارشات سے محکمہ دیہی ترقی کو بھی آگاہ کیا گیا ہے،جبکہ محکمہ قانون و انصاف اور پارلیمانی امور محکمہ سے بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی،جبکہ جموں کشمیر کے ایڈوکیٹ جنرل نے بھی منظوری دی۔ میمورنڈم مین کہا گیا’’ مذکورہ بالا حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ہم آپ کو عاجزی کے ساتھ درخواست کرتے ہیں کہ برائے مہربانی یہ معاملہ معزز لیفٹیننٹ گورنر ، جموں و کشمیر اور متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں،تاکہ 172 ’’سی آئی سی آپریٹرز ‘‘کے حق میں باضابطہ باقاعدہ آرڈر جاری کئے جائیں۔‘‘
ارضیاتی سائنس میں بیش بہا کارکردگی
پروفیسر طلعت کوایشیاٹک سوسائٹی کولکتہ کا اعزاز
سرینگر//اشیاٹک سوسائٹی کولکتہ کونسل نے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کو یادگاری تمغہ2020سے نوازا ہے۔ اشیاٹک سوسائٹی کولکتہ نے پروفیسر طلعت کو G.S.I Sesquicentennial Commemorative Medalسال 2020سے سرفراز کیا ہے۔ سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری نے پروفیسر طلعت کو مطلع کیا کہ ’مجھے اس بات کیلئے بہت مسرت ہے کہ آپ نے ارتھ سائنس میں جو بیش بہا کام کیا ہے، اس کیلئے اشیاٹک سوسائٹی کولکتہ G.S.I Sesquicentennial Commemorative Medal’سال 2020کا ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔ ،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ’اشیاٹک سوسائٹی کولکتہ کی طرف سے اور ممبران و سٹاف آپ کوایوارڈ کی نامزدگی کیلئے مبارکباد پیش کرتے ہیں‘۔ پروفیسر طلعت کو اب تک متعدد معتبر انعامات جن میںبھارت سرکار کا نیشنل مینرل ایوارڈ (1994)اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملک کی 3معروف سائنس اکیڈیمی انڈین نیشنل سائنس اکیڈیمی نئی دہلی، انڈین اکیڈیمی آف سائنس بنگلور اور نیشنل اکیڈیمی آف سائنس الہ آباد کے فیلو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ڈی ایس ٹی نئی دہلی کی طرف سے جے سی بوس نیشنل فیلوشپ سے بھی نوازے گئے ہیں۔
کرناہ کپوارہ شاہراہ آمدورفت کیلئے بحال
اشفاق سعید
کرناہ //جمعرات کو شام دیر گئے کرناہ کپوارہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا گیا ۔انتظامیہ اور فوج کی شکتی وجے بریگیڈ کی کوششوں کی بدولت کرناہ کپوارہ شاہراہ کو شام دیر گئے گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل بنایاگیا۔اس دوران کرناہ میں درماندہ ایسے امیدواروں کو بھی جانے کی اجازت مل گئی جنہیں فوج میں بھرتی کیلئے سرینگر پہنچنا تھا ۔واضح رہے کہ شاہراہ کے بند ہونے کے نتیجے میں کافی لوگ کرناہ میں درماندہ ہو گئے تھے جبکہ کپوارہ میں بھی متعدد افراد رکے پڑے ہیں تاہم انتظامیہ اور فوج نے کرناہ کپوارہ شاہراہ کو بحال کرانے میں مدد کی اور بیکن نے شام دیر گئے شاہراہ کو بحال کر دیا اور اس دوران رنگریٹ بھرتی کیلئے آنے والے نوجوانوں کو کپوارہ روانہ کیا ۔ بیوپار منڈل کرناہ کے صدر تسلیم احمد میر اور ٹرانسپورٹ یونین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کرناہ میں جب بھی لوگوں کو شاہراہ کے بند ہونے سے مشکلات پیش آئیں، تو فوج اور انتظامیہ نے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے بحال ہونے کے بعد علاقے میں اشیائے ضروریہ بھی پہنچ جائیں گی جس کی عدم دستیابی ہوئی تھی ۔
کپوارہ میں عوامی شکایات کا ازالہ
سنیچر اور سوموار کوڈی سی عوام سے ملیں گے
کپوارہ//اشرف چراغ //ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ ام الدین نے لوگو ں کی شکایتیں اور ان کا ازالہ کر نے کے لئے کلینڈر جاری کر دیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر رینو کے مطابق اب ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ ہر سنیچر اور سوموار کو لوگو ں کی شکایتیں 11بجے سے دو پہر 2 بجے تک سنیں گے ۔اس سلسلہ میں ضلع بھر کے لوگ اپنی شکایتیں لیکر سنیچر اور سوموار ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کے دفتر پہنچے تاکہ شکایتو ں کا ازالہ کیا جاسکے۔
لارنو میں درخت گرنے سے مکان کو شدید نقصان
عارف بلوچ
اننت ناگ //لارنو کوکرناگ میں رہائشی مکان پر اخروٹ کا درخت گرنے سے افراد خانہ بال بال بچ گئے تاہم مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اقبال پورہ لارنو میں غلام حسن شیخ ولد غلام نبی کے رہائشی مکان پر تیز آندھی کے سبب اخروٹ کادرخت گر گیا جس کے باعث مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم اس حادثہ میں افراد خانہ معجزاتی طور پر بچ گئے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ کنبہ کو مالی مدد کریں۔
جی پی فنڈ کی فائلیں دفتری طوالت کا شکار
چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ کے ملازمین نالاں
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں ملازمین کی جی پی فنڈ فا ئلیں عرصہ دراز سے دھول چاٹ رہی ہیں ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ انہو ں نے مالی دشورایو ں کے سبب جی پی فنڈ واگزار کرانے کے لئے فا ئلیں تیار کرائیں تاکہ انہیں مہنگائی کے اس دور میں راحت مل سکے۔ ملازمین کاالزا م ہے کہ یہ فائلیں عرصہ دراز سے سی ای او دفتر میں پڑی ہیں اور مزید کارروائی نہ ہونے سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ انہو ں نے کئی بار سی ای او کی نو ٹس میں بھی معاملہ لایا لیکن تا حال ان کا جی پی فنڈ واگزار نہیں کیا گیا ۔انہو ں نے مطالبہ کیا کہ ان کا جی پی فنڈ فوری طور واگزار کیا جائے ۔اس حوالہ سے چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید فانی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا ۔
عرس حضرت زین الدین ولیؒ پر انتظامات کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد وانی نے حضرت سخی زین الدین ولیؒ عشمقام کے عرس مبارک کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عرس کے پیش نظر زائرین اور عقیدت مندوں کیلئے ماضی کی طرح تمام انتظامات خصوصی طور بجلی، پینے کا پانی، صحت و صفائی، غذائی اجناس اور ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات میسر رکھیں۔
سی این ایس ٹیلیفون ڈائریکٹری 2021شائع
سرینگر/ /مقامی خبر رساں ایجنسی ’سی این ایس ‘ کی ٹیلیفون ڈائریکٹری شا ئع ہوئی ہے ۔ اس سال ڈائریکٹری میںتصحیح کی گئی ہے اورنئے نمبرات بھی شامل کئے گئے ہیں۔یہ ڈائریکٹری سرینگر میںعبدا للہ نیوز ایجنسی کے علاوہ تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر موجودنیوز اسٹا لوں پر دستیاب ہوگی۔ اس ٹیلیفون ڈائریکٹری میں عوامی نمائندوں ، بیوروکریٹوں ، پولیس افسران ، صحافیوں ، مصنفوں، وکلاء، ڈاکٹروں اور دیگر شخصیات کے علاوہ جموںو کشمیر کے ممتاز تاجروں کے فون نمبرات بھی درج ہیں ۔
چیئرمین میونسپل کونسل گاندربل کو توصیفی سند سے نوازا گیا
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل کے میونسپل کونسل چیئرمین کو کوروناوائرس میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بیداری مہم چلانے پر ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے توصیفی سند پیش کی گئی۔ ہیومن رائٹس اینڈ اینٹی کرپشن فورم گاندربل کی جانب سے میونسپل کونسل گاندربل کے چیئرمین ایڈوکیٹ الطاف احمد لون کی سراہنا کرتے ہوئے توصیفی سند سے نوازا گیا۔
کوکر ناگ کی گجر بستیاں بنیادی سہولیات سے محروم
سرینگر// اننت ناگ قصبہ سے 75کلومیٹر دورواقع گجربستی ، گورسی لیسو، وائلو کوکرناگ ایسی بستیاں ہیں جہاں لوگوں کو آج بھی پینے کاصاف پانی مہیا نہیں ہے جبکہ ان علاقوں کے لوگ ندی نالوںسے پانی حاصل کرنے کیلئے گھوڑوں پر برتن لاد کر کئی کلو میٹر طے کرکے پانی حاصل کرتے ہیں۔ یہ بستیاں آج بھی بجلی سپلائی اور موبائل سروس سے محروم ہیں ۔علاقے میں پینے کے پانی کیلئے کوئی معقول انتظام نہیں ہے جبکہ سڑکوں کی خستہ حالی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔یہاں سڑکوں کی تعمیر کیلئے آج تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں مریضوں کو چار پائی پر اُٹھاکر سڑک تک پہنچایا جاتا ہے جہاںسے گاڑیوں کے ذریعے انہیں ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے ۔
سلطان ڈھکی اوڑی میں5روز سے سکول بند
ظفر اقبال
اوڑی// گورنمنٹ بائز پرائمری سکول تھالہ سلطان ڈھکی اوڑی گزشتہ پانچ دن سے بند ہے۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیاکہ سکول میں تعینات واحداستاد بھی سکول سے غیر حاضر ہے۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ استاد نے سکول کو اپنی ہی ایک بوسیدہ عمارت میں منتقل کیا ہے جس کا اسے محکمہ کی طرف سے باضابطہ کرایہ بھی ملتا ہے لیکن گھر میں ہی سکول ہونے کے باوجود وہ ڈیوٹینہیں دے رہا ہے ۔گائوں کے سابق سرپنچ گلزار احمد میر نے بتایا کہ انہوں نے کئی دفعہ مذکورہ استاد کے خلاف زونل ایجوکیشن آفیسر جولا اوڑی کے پاس شکایت کی لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھر چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ غلام محمد لون نے بتایا کہ وہ صورتحال پتہ کرکے ہی کوئی کارروائی کریں گے۔