راجوری //پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی قیادت میں پارٹی کارکنوں و لیڈران نے ملک میں تیل ودیگر اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف راجوری میں احتجاج کیا تاہم اس دوران پارٹی کے ریاستی صدر کیساتھ ساتھ دیگر لیڈران کو پولیس نے حراست میں بھی لیا۔پارٹی لیڈران نے راجوری کے چلڈرن پارک میں پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر کی قیادت میں مرکزی حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بھاجپاکی مرکزی حکومت نے ملک کی غریب عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے ۔ڈاکہ بنگلہ راجوری کے قریب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی میں پی سی سی صدر کے ساتھ ساتھ سابقہ ریاستی وزیر رمن بھلہ ،پارٹی ترجمان رویندر شرما ودیگر سنیئر پارٹی لیڈران نے بھی شرکت کی ۔شیڈول کے مطابق مذکورہ ریلی ڈاک بنگلہ سے گوجر منڈی چوک تک نکالی جانی تھی تاہم پولیس نے ڈاک بنگلہ کے گیٹ کے قریب ہی ریلی کو روک دیا ۔حالانکہ پارٹی لیڈران و کارکنوں نے گوجر منڈی چوک کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے سو کے قریب کارکنوں اور غلام احمد میر ،شبیر احمد خان ،رمن بھلہ اور رویندر شرما ودیگر لیڈران کو گرفتار کرلیا ۔پی سی سی صدر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا کی مرکزی حکومت نے لاتعداد ٹیکس جموں وکشمیر میں لگا کر عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کی وجہ سے ملکی عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔