سرینگر //جموں و کشمیر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے۔رواں سال کے سب سے بڑے اچھال میں بدھ کو373افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ۔ اس دوران ایک غیر ریاستی سیاح سمیت 4افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 34ہزار 491تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 373افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 73جموں جبکہ 300کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔کشمیر کے300متاثرین میں 247مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ 53بیرون ریاستوں اور ممالک کا سفر کرکے واپس لوٹے۔ وائرس سے ایک غیر ریاستی سیاح سمیت 4افراد وائرس سے فوت ہوگئے جن میں ایک جموں جبکہ 3کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے 3متوفین میں پونے مہاراسٹرا حال خیام کی 74سالہ معمر خاتون، منی گام بارہمولہ کی 80سالہ خاتون اورخواجہ باغ بارہمولہ سے تعلق رکھنے والا ایک 70سالہ شخص شامل ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 78ہزار کا ہندسہ پار کرکے 87ہزار19ہوگئی ۔ان میں 1258فوت جبکہ 1870 افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ کشمیر کے سرگرم معاملات میں سرینگر میں 1051،بارہمولہ میں 349، بڈگام میں 162،پلوامہ میں 82،کپوارہ میں 70، اننت ناگ میں 39، بانڈی پورہ میں 29، گاندربل میں 23، کولگام میں 42 اور شوپیان میں 23افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ جموں میں 73افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 56مقامی سطح پر جبکہ 17مختلف ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے واپس لوٹے ہیں جبکہ ایک شخص وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ جموں میں وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد52941ہوگئی جن میں 736فوت جبکہ 661افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں۔ جموں صوبے کے سرگرم معاملات میں 484جموں، ادھمپور میں 27، راجوری میں13، ڈوڈہ میں5، کٹھوعہ میں 49، سانبہ میں 18، کشتواڑ میں 17، پونچھ میں20، رام بن میں21 اور ریاسی میں 7افراد زیر علاج ہیں۔
پولیس سربراہ اور انکی اہلیہ بھی متاثر
نیوز ڈیسک
جموں //جموں کشمیر پولیس سربراہ اور انکی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے دلباغ سنگھ اور انکی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے فوراً بعد دونوں نے احٹیاطی تدابیر اختیار کیں۔پولیس سربراہ نے انکے ساتھ رابطے میں آنے والوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو الگ تھلگ کریں اور اپنی تشخیص کرائیں۔ڈاکٹر انکی نگرانی کررہے ہیں۔ دونوں نے کوویڈ ویکسین کا پہلا ڈوز لے لیا تھا اور اب دوسرا ڈوز لینے کی باری تھی۔
3اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے 2 ارکان اور 58طلبہ مثبت،10سکول بند
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں دوسری لہر کی شدت میں تیزی کے ساتھ ہی اساتذہ اور طلبہ وائرس سے متاثر ہونے لگے ہیں۔ بدھ کو3اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے 2اور 58طلبہ سمیت تعلیم و تدریس سے جڑے 63افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں .۔اس طرح وادی میں ابتک وادی میں 15فروری سے 31مارچ تک 29اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے 8افراد اور 59طالب علم وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر انتظامیہ نے وادی بھر میں 10سکولوں کو بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جن سرینگر میں ایک بانڈی پورہ میں ایک، اننت ناگ میں 2 اور بڈگام میں 4سکولوں کو فی الحال بند کردیا ہے۔بڈگام ضلع میں 2اساتذہ اور 7طلبہ کی رپورٹیں مثبت آئیں جسکے بعد حکام نے ضلع میں 4سکولوں کو بند کردیا ہے۔بلاک میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر منظور حکیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ضلع میں مختلف نجی اور سرکاری سکولوں میں 62اساتذہ کے بھی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ مثبت آنے کے بعد گرلز ہائرسیکنڈری سکول ناربل بڈگام کو 5دنوں کیلئے بند کردیا گیا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مختلف سکولوں کے583طلبہ کے تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 7کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا ’’ 7طالب علموں کی رپورٹیں بھی مثبت آئی ہیں جن میں 3اپنا گھر چیوڈارہ، ایک گرلز سکول کانی ہامہ، ایک گرلز میڈیل سکول پنزیاری کھاگ، ایک گرلز ہائر سیکنڈری کانی ہامہ، ایک مڈیل سکول زبہ گل بیروہ شامل ہیں۔ بلاک میڈیکل آفیسر بیروہ ڈاکٹر جاوید نے بتایا ’’ مڈیل سکول زبہ گل، اپنا گھر (یتیم خانہ) اور ڈی پی ایس کو 5دنوں کیلئے بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ تینوں سکولوں کے بارے میں زونل ایجوکیشن آفیسر بیروہ کو مطلع کیا گیا ہے اور سکول بند کرنے کے احکامات جمعرات تک جاری کریں گے‘‘۔ گورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول کلوسہ بانڈی پورہ میں تعینات ایک ٹیچر اور12ویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالب علم کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد سکول کو ایک3دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔سرینگر کے کوٹھی باغ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں غیر تدریسی عملہ کے 2افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جسکی وجہ سے سکول کو سنیچر تک بند کردیا گیا ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے دمہال ہانجی پورہ میں قائم ایک نجی سکول کے 56میں 36طالب علموں کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرہ طالب علموں کی عمر 10سے 14سال کے درمیان ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) ڈی ایچ پورہ ڈاکٹر شگفتہ سلام نے بتایا کہ "اس اسکول سے 36 طلبہ کی رپورٹیںمثبت آئیں‘‘۔انہوں نے بتایا ’’ طلبہ کی رپورٹیں مثبت آنے کی بڑی وجہ آپس میں رابطہ ہے‘‘۔بی ایم او نے کہا کہ متاثرہ طلباء کوقرنطین ہونے کا مشورہ دیا گیا ‘‘۔ دریں اثنا چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) کلگام محمد اشرف روٹھ نے بتایا کہ سکول ایک ہفتے کے لئے بند رہے گا‘‘۔ادھر گورنمنٹ ہائی اسکول کاٹسو سریگفوارہ میں 14 طلاب کرونا وائرس متاثر پائے گئے ہیں۔بی ایم او سلر ارشد ٹاک نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو قر نطین ہونے کی صلح دی گئی ہے۔