سرینگر// ہفت چنار سرینگر میں بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کے ایک ہولناک واقعہ میں ماں بیٹابری طرح جھلس کر لقمہ اجل بن گئے جبکہ چار رہائشی مکان مال و اسباب سمیت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب 11بجکر 15 منٹ پر غلام محمد شیخ کے رہائشی مکان کی نچلی منزل سے بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث آگ نمودار ہو گئی،جو تیزی سے مکان میں پھیل گئی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ کچھ ہی لمحوں میں پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا۔لوگوں کے مطابق گھر میں بھڑک اٹھے شعلوں کو دیکھ کرغلام محمد شیخ اپنے کنبہ کو بچانے کیلئے اوپری منزل کی جانب بھاگا ،جہاں اس کی اہلیہ اور چھ سالہ معصوم بیٹا سوئے ہوئے تھے۔اپنی اہلیہ اور 6سالہ معصوم بیٹے کوبچانے کے دوران غلام محمد شیخ کا چہرہ بھی جھلس گیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے خاتون اوراْس کے چھ سالہ معصوم بیٹے کو بری حالت میںصدراسپتال پہنچایا گیالیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔اس واردات میںسرینگر میونسپل کارپوریشن کے ملازم عبدالحمید شیخ کا مکان بھی خاکستر ہوا۔ عبدالحمیدشیخ نے بتایاکہ میں اپنی اہلیہ، تین بیٹیوں اوربیٹے کوبچانے میں کامیاب رہالیکن میرا آشیانہ اور اس میں موجودساراسامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔حمیدشیخ نے کہاکہ آتشزدگی کی اس ہولناک واردات میںکچھ بھی نہیں بچا،ہم بے سہارا اوربے گھرہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سونے کے زیورات سمیت قیمتی سامان جو اس نے اپنی بیٹی کی آنے والی شادی کے لئے خریدا تھا ،آگ میں تباہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ دوسری بیٹیوں کی سلائی مشینیں اور درآمد شدہ کپڑے بھی تباہ ہوکر رہ گیا۔آتشزدگی کی اس واردات میں عبدالحمید شیخ ، غلام محمد شیخ ، طارق احمد شیخ اور بشیر احمد شیخ کے مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے جبکہ غلام نبی شیخ اور معراج الدین کے مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ادھرپولیس بیان کے مطابق گزشتہ شب سرینگر کے ہفت چنار علاقے میں غلام محمد شیخ کے گھر میں اچانک آگ نمودار ہو گئی۔ اس حادثے میں شیخ کی 40 سالہ اہلیہ اجمیر اور 6 سالہ بیٹا محمد عباس شیخ کی موت واقع ہوئی۔بیان میں مزیدبتایاگیاکہ دونوں ماں بیٹے کی موت صدراسپتال میں ہوئی اورآگ کی اس واردات میں تقریباً چھ رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ۔پولیس نے آگ کی اس واردات کے نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔