بیجنگ //چین کے شہر روئلی میں جنوری کے بعد سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 32 نئے کیسز سامنے آگئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 32 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔ روئلی کی مقامی حکومت نے شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔مقامی حکومت نے شہریوں کو گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت جاری کردی۔ حکام نے شہر میں بڑے پیمانے پر کووڈ-19 ٹیسٹنگ شروع کردی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 32 میں سے 15 کیسز مقامی ہیں۔ ممکناً طور پر کورونا میانمار سے آئے افراد کی وجہ سے پھیلا۔ادھرکورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر بنگلادیش کی حکومت نے ایک ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ لاک ڈاؤن کل سے ایک ہفتے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ اس دوران دکانیں، شاپنگ مال، پارکس، تفریحی مقامات بند رہیں گے۔لاک ڈاؤن میں ٹرانسپورٹ بند جب کہ ٹرین سروس اور اندرون ملک پروازیں معطل رہیں گی۔ حکومت نے 3 ہفتے کے لیے یورپی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شام 6 سے صبح 6 بجے تک گھروں سے نہ نکلیں۔ حکومت نے ملک بھر کی صنعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضروری عملے کو کام پر بلایا جائے۔