سرنکوٹ//سرنکوٹ میں کھوئیاں تا ملہان جانے والی سی آر ایف روڈ برسوں سے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پہلے تو عرصہ دراز سے تعمیر کی منتظر رہی اور سڑک کا ایک حصہ گزشتہ برس تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے اس کا حال اب بے حال ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کھوئیاں تا ملہان جانے والی سی آر ایف سڑک کی لمبائی 6کلو میٹر ہے تاہم مذکورہ سڑک پر لوگ دور دراز علاقوں میں ٹریکٹروں اور گھوڑوں کے ذریعے ساز و سامان لے جاتے تھے تاہم گزشتہ برس خراب ہوئی سڑک کی وجہ سے اب مکینوں کو وہ سہولیات بھی دستیاب نہیں ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کردہ حصے کی دیواریں بھی گرنا شروع ہو گئی ہیں تاہم اس سلسلہ میں اطلاعات فراہم کرنے کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔عام لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑ ک کو معیاری بنا کر عوام کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔